کفارسے دوستی کرکے ہمیشہ امت مسلمہ نے نقصان اُٹھایا ہے ،مولانا عبدالحق ہاشمی

مسلم حکمرانوں نے کفار سے دوستی نہیں ،اقتدار بچانے کیلئے ان کی غلامی اختیار کی ہے ، امیر جماعت اسلامی بلوچستان

منگل 22 مئی 2018 19:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ کفارسے دوستی کرکے ہمیشہ امت مسلمہ نے نقصان اُٹھایا ہے کفار کبھی بھی امت مسلمہ کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے مسلم حکمرانوں نے کفار سے دوستی نہیں بلکہ اقتدار بچانے کیلئے ان کی غلامی اختیار کی ہیں اللہ تعالیٰ کے بے پناہ انعامات کے باوجود نااہل قیادت کی وجہ سے دنیا میں مسلمانوں کا کوئی عز ت و وقار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اقتدار اور اداروں پر قبضہ کرنے والوں نے ملک کو اس کے نظریے اور مقصد سے دور رکھا جس کی وجہ سے 71 ء میں ملک دو لخت ہوگیا اور آج باقی ماندہ مسائل کی دلدل میں پھنسا ہواہے ۔ 70سال تک ملک کے اقتدار پر قابض رہنے والوں نے عوام کو بڑے سبز باغ دکھائے لیکن سوائے محرومی اور مایوسی کے قوم کے ہاتھ کچھ نہیں آیا ۔

(جاری ہے)

اقتدارمیں آکرہم پہلے اپنے گھر کو ٹھیک کریں گے اور پھر عالم اسلام کو متحد کرکے دنیا میں مسلمانوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے ۔

آج اگر امت میں ایک صلاح الدین ایوبی ہوتا تو امریکہ کو اپنا سفارتخانہ بیت المقدس منتقل کرنے کی جرأت ہوتی نہ اسرائیل اس طرح فلسطینیوں کا قتل عام کرتا ۔ ہمارے اصل دشمن آستین کے وہ سانپ ہیں جنہوںنے پاکستان کو ترقی سے محروم رکھا اور ملک کے وسائل ہڑپ کرتے رہے ۔آستین کے ان سانپوں نے تعلیم ، علاج اور روزگار جیسی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے بڑے بلند و بانگ دعوے کیے اور عوام کو سبز باغ دکھائے۔

آج ملک میں غربت ، مہنگائی ، بے روزگاری ، جہالت کے اصل مجرم یہی حکمران ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ یہ لیڈر خود آگے بڑھنے اور خدا بننے کی کوشش کرتے ہیںاور عوام کو کیڑے مکوڑوں سے زیادہ اہمیت دینے کو تیا ر نہیں ۔ اگر قوم چاہتی ہے کہ ملک سے غربت اور بدامنی کا خاتمہ ہو اور لوگوں کو تعلیم ، صحت اور روزگار کی سہولتیں ملیں تو اسے اسلامی قیادت کا ساتھ دینا ہوگا ۔

عالم اسلام کے وسائل پر استعماری قوتوں کا قبضہ ہے یہ قبضہ اس وقت تک ختم نہیں ہوگا جب تک کوئی غیرتمند مسلم حکمران اٹھ کر ان شیطانی قوتوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات نہیں کرتا ۔ انہوں نے کہاکہ ایم ایم اے کے پاس تعلیم ، صحت ، معیشت اور روزگار کا ایک مکمل پروگرام ہے ہم انشاء اللہ قوم کو نہ صرف عالمی برادری میں ایک باوقار مقام دلائیں گے بلکہ ان استعماری قوتوں کا راستہ روک کر اسلام کی روشنی سے دنیا کومنور اور امن کا گہوارہ بنائیں گے ۔