30 جون تک ایئر پورٹ تا قائد آباد ( N-5 )کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا، وسیم اختر

فنڈز محدود ہیں لیکن اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کررہے ہیں،میئر کراچی

منگل 22 مئی 2018 20:01

30 جون تک ایئر پورٹ تا قائد آباد ( N-5 )کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ 30 جون تک ایئر پورٹ تا قائد آباد ( N-5 )کا تعمیراتی کام مکمل کر لیا جائے گا،فنڈز محدود ہیں لیکن اس کے باوجود شہر میں ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کررہے ہیں،شارع فیصل مرکزی شاہراہ ہے، اس کی تکمیل سے بڑی تعداد میں شہر یو ں کو ریلیف ملے گا،N-5 کا یہ پانچواں دورہ ہے، ترقیاتی کاموں کی تکمیل تک خود نگرانی کروں گا، باقی ماندہ شہر کی طرح ملیر کے مکینوں کو بھی روزمرہ زندگی میں مسائل کا سامنا ہے، ماضی کی غفلت کے باعث لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہوتا گیا ،موجودہ بلدیاتی قیادت شہریوں کے مسائل بلاتاخیر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے، یہ بات انہوں نے پیر کی شب ملیر 15- پر جاری ترقیاتی کاموں کے معائنہ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر بلدیہ کورنگی کے چیئرمین سید نیئر رضا، چیئرمین کچی آبادی کمیٹی سعد بن جعفر، پروجیکٹ ڈائریکٹر ، کنسلٹنٹ، یوسی چیئرمین ، منتخب نمائندے اور افسران بھی موجود تھے،قبل ازیں میئر کراچی وسیم اختر موٹر سائیکل پر چیئرمین بلدیہ کورنگی نیئر رضا کے ہمراہ ملیر 15- آمداور ملیر کے مختلف علاقوں کے دورے پر شہریوں کو خوشگوار حیرت ہوئی شہریوں کی بڑی تعداد نے ان کا پرجوش استقبال کیا اورمیئر کراچی وسیم اختر کے ساتھ ساتھ موٹر سائیکل پر دورے میں شامل ہوگئے ،میئر کراچی نے اپنے دورے کے دوران اچانک مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر نہال ہاشمی سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا، نہال ہاشمی نے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر عوامی میئر ہیں اور ان کی قیادت میں بلدیاتی ادارے شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشاں ہیں، میئر کراچی نے ملیر کے مختلف علاقوں میں اہل علاقہ سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے ، انہوں نے کہا کہ شارع فیصل شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے جسے روزانہ ہزاروں لوگ آمدورفت کے لئے استعمال کرتے ہیں لہٰذا یہاں تعمیر ہونے والے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر نہیں ہونی چاہئے کیونکہ اس سے لوگوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور پروجیکٹ کی لاگت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے، بعض وجوہات کے تحت N-5 منصوبے کی تکمیل میں تاخیر ہوئی تاہم مسائل حل ہوتے ہی یہاں تیزی سے کام شروع کردیا گیا اور اب یہ منصوبہ پایہ تکمیل کی طرف گامزن ہے، انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ ترقیاتی کاموں کی رفتار بڑھائی جائے اور انہیں مقررہ وقت پر مکمل کیا جائے یہی وجہ ہے کہ تمام تر دستیاب وسائل ترقیاتی کاموں پر خرچ کئے جا رہے ہیں اور مزید ترقیاتی کاموں کے لئے وسائل کے حصول کی کوششیں جاری ہیں، انہوں نے کہا کہ بلدیہ کورنگی کی انتظامیہ نے اپنی علاقائی حدود میں متعدد سڑکوں کی تعمیر گلیوں اور فٹ پاتھوں کو پختہ کرنے اور پانی و سیوریج کے مسائل حل کرنے کے لئے اہم کام انجام دیئے ہیں جن سے مقامی افراد کو خاصی سہولت حاصل ہوئی ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے اشتراک سے ضلعی بلدیات میں شہری مسائل کے حل کے لئے ان کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے کہا کہ شہر کے فنڈز شہریوں کے لئے ہیں اور میں خود اور تمام منتخب بلدیاتی نمائندے اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ عوام کی امانت کا ایک ایک پیسہ عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کے لئے ہی استعمال میں آئے، شہر میں بہتری اور مثبت تبدیلی کے لئے ہماری کاوشیں شہریوں بالخصوص تاجر برادری اور صنعتکاروں کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں لہٰذاہمیں اپنے شہر کو اون کرتے ہوئے ان تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں بلدیہ عظمیٰ کراچی اور ضلعی بلدیات کے ساتھ ہر ممکن تعاون کرنا ہوگا تاکہ یہ منصوبے نہ صرف بروقت مکمل ہوں بلکہ طویل مدت تک شہریوں کو فائدہ پہنچاتے رہیں۔

#