Live Updates

ایمپریس مارکیٹ صدر اور اطراف میں 20مئی سے شروع ہونے والا انسداد تجاوزات کا آپریشن پورے رمضان جاری رہے گا،میئر کراچی وسیم اختر

منگل 22 مئی 2018 20:01

ایمپریس مارکیٹ صدر اور اطراف میں 20مئی سے شروع ہونے والا انسداد تجاوزات ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ایمپریس مارکیٹ صدر اور اطراف میں 20مئی سے شروع ہونے والا انسداد تجاوزات کا آپریشن پورے رمضان جاری رہے گا،آپریشن کے دوران ہزاروں کی تعداد میں لگے ہوئے پتھارے ، ٹھیلے اور پختہ تجاوزات کو ختم کیا گیا ہے،دوبارہ تجاوزات کی روک تھام کیلئے آٹھ مقامات پر نگرانی کیلئے کیمپس لگائے گئے ہیں جس میں پولیس اور کے ایم سی کا عملہ 24 گھنٹے موجود رہے گا،جس طرح کراچی پاکستان کا دل ہے اسی طرح ایمپریس مارکیٹ کراچی کا دل ہے،یہ تاریخی عمارت ہے اس عمارت اور اس کے اطراف تجاوزات ختم کرنے کا مقصد اس جگہ کو بہتر بنانا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کی سہ پہر ایمپریس مارکیٹ صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کے خلاف ہونے والے آپریشن کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر میونسپل کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن ، سینئر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات بشیر صدیقی اور کے ایم سی پولیس اور کنٹونمنٹ بورڈ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ ہم اچھا کام کرنے جا رہے ہیں شہری ہمارے ساتھ تعاون کریں،تجاوزات کے خلاف موجودہ مہم کے دوران ایمپریس مارکیٹ کے کوریڈور سے تمام تجاوزات ختم کی جائیں گی اور ایمپریس مارکیٹ اور اطراف کے علاقے میں لگائے گئے تمام بینرز ،بل بورڈز، اشتہاری بورڈ، کیبل وائر اور جھنڈے بھی صاف کئے جائیں گے تاکہ اس علاقے کو خوشنما بنایا جائے، انہوں نے ایمپریس مارکیٹ کے اطراف واقع دکانوں کے مالکان سے درخواست کی کہ وہ اپنے سامان کو دکان تک ہی محدود رکھیں اور فٹ پاتھ یا سڑک پر اپنا سامان رکھنے سے گریز کریں بصورت دیگر فٹ پاتھ پر رکھے ہوئے سامان کو ضبط کرلیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ فٹ پاتھ پر پیدل چلنے والوں کا حق ہے لہٰذا دوسروں کے حقوق غصب نہ کریں اور قانون کا احترام کریں، میئر کراچی نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے پیش نظر ہزاروں کی تعداد میں درخت لگانے کی ضرورت ہے ،کراچی میں بڑے پیمانے پر درخت لگانے کی مہم جاری ہے اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف بھی شجرکاری کی جائے گی جس سے یہ پورا علاقہ سرسبز اور خوبصورت نظر آئے گا، انہوں نے کہا کہ شہر میں ہونے والے تمام ترقیاتی کام شہریوں کے تعاون سے جاری ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ عام شہری اور تاجر برادری شہر کی بہتری اور شہر کے وسیع تر مفاد میں ہمارے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گی، انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ صدر شہر کا قلبی حصہ ہے جہاں ہر روز ملک کے مختلف علاقوں اور پورے شہر سے لوگ خریداری یا سفر کے دوران آتے ہیں لہٰذا شہر کے اس مرکز کو تجاوزات سے پاک کرنا اور خوبصورت بنانا ضروری ہے ،میئر کراچی نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ 1889 ء میں تعمیر کی گئی تھی اور پوری دنیا میں کراچی کی پہچان ہے اس علاقے کو لینڈ مارک کے طور پر بہتر بنائیں گے، انہوں نے کہا کہ صدر کے علاقے میں وسیع و عریض سڑکوں کو تجاوزات کی وجہ سے ٹریفک کے لئے محدود کردیا گیا جبکہ فٹ پاتھ کو بھی نہیں بخشا گیا، پورے صدر میں ٹھیلے، پتھارے اور پختہ تجاوزات کے باعث طویل عرصے سے مسلسل ٹریفک جام اور حادثات کی شکایات سننے میں آرہی تھیں لہٰذا شہریوں کو سہولت فراہم کرنے اور مشکلات سے بچانے کے لئے تجاوزات کے خاتمے کا بڑا آپریشن مختلف اداروں کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے جس کا مقصد صدر کے علاقے کو بہتر بنانا اور شہریوں کے مسائل حل کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ تجاوزات کو ہٹانے کے ساتھ ساتھ نگرانی کا نظام بھی شروع کیا گیا ہے تاکہ ایک بار ہٹائی جانے والی تجاوزات اسی جگہ دوبارہ قائم نہ ہونے پائیں، اس مقصد کے تحت آٹھ مقامات پر لگائے جانے والے کیمپس میں تعینات عملہ تجاوزات کے دوبارہ قیام کو روکے گا اور دکانداروں کو اس بات کا پابند بنائے گا کہ وہ اپنا سامان اپنی دکان کی حدود کے اندر رکھیں، انہوں نے کہا کہ صدر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف کارروائی کی جائے گی تاکہ رمضان المبارک کے مہینے میں شہریوں کو مشکلات سے بچایا جاسکے۔

Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات