وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اہم اجلاس

عام انتخابات کیلئے یکیورٹی حکمت عملی اور سیاسی جماعتوں کیلئے مرتب شدہ ضابطہ اخلاق اور اس پر عمل درآمدی اقدامات کا جائزہ

منگل 22 مئی 2018 19:38

وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت اہم اجلاس
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) وزیرداخلہ سندھ سہیل انور سیال کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس میں عام انتخابات سال 2018ئ؁ کیلئے اختیار کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور سیاسی جماعتوں کے لئے مرتب کئے جانیوالے ضابطہ اخلاق اور اس پر عمل درآمدی اقدامات کا تفصیلی احاطہ کیا گیا اور مزید ضروری احکامات دیئے گئے ۔اجلاس میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ، سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی شاہد پرویز، پاکستان رینجرز سندھ،فائیو کور کے نمائندے کراچی،حیدرآباد ،میرپور خاص،شہیدبینظیرآباد، سکھراور لاڑکانہ کے کمشنرز، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر،زونل ڈی آئی جیز کراچی کے علاوہ سندھ کی دیگر پولیس رینج کے ڈی آئی جیز نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں الیکشن2018ئ؁کو شفاف ،غیر جانبدار اور منصفانہ بنانے جیسے اقدامات اور اس ضمن میں ضابطہ اخلاق پر اسکی تمام تر ترجیحات کو پیش نظر رکھ کر عمل درآمد کرانے اور اس سلسلے میں سیاسی جماعتوں کے اعتمادوکردار پر تفصیلی بات چیت کی گئی اور باہم مشاورت اور تجاویز سے دیگر ضروری امور طے کئے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرتمام شرکاء نے اجلاس ایجنڈا کے مطابق اپنی اپنی تجاویز اور رائے کا تفصیلی احاطہ کیا جس پر وزیرداخلہ سندھ نے سیکریٹری داخلہ سندھ کو ہدایات دیں کہ ان تمام تجاویز اور آراء کو سامنے رکھ کر ایک جامع اسٹینڈ نگ آپرییٹنگ پروسیجر(SOP) تیار کرکے الیکشن کمیشن آف پاکستان اور وفاقی حکومت کو برائے ملاحظہ و مزید ضروری اقدامات ارسال کیا جائے ۔

اجلاس کو ہدایات دیں گئیں کہ عام انتخابات کے دوران امن وامان کے حالات پر مکمل کنٹرول،مرتب کردہ سیکیورٹی حکمت عملی اور لائحہ عمل کو ٹھوس اور غیر معمولی بنانے سمیت الیکشن کے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کرانا پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنیوالے دیگر اداروں کی اولین ترجیحات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہر سطح پر سیاسی جماعتوں کے قائدین، عہدیداران اور نمائندگان کو اعتماد میں لیکر ایسا کلیہ وضع کیا جائے کہ جس سے ناصرف منصفانہ اور غیرجانبدارانہ الیکشن کا انعقاد ممکن ہوسکے بلکہ مشترکہ سیکیورٹی حکمت عملی سے امن وامان کے حالات کو کنٹرول میں رکھنے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بروقت نمٹنے اور انسدادی اقدامات بھی یقینی بنائیں جاسکیں۔#