پرویزالٰہی سے سربراہ مسلم لیگ ضیاء اعجاز الحق کی ملاقات

مسلم لیگیوں کا اتحاد ضروری اور خوش آئند ، چودھری شجاعت حسین نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بھی غیر متنازعہ ہونے چاہئیں، الیکشن کمیشن شفاف الیکشن کیلئے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لی: سابق نائب وزیراعظم

منگل 22 مئی 2018 19:35

پرویزالٰہی سے سربراہ مسلم لیگ ضیاء اعجاز الحق کی ملاقات
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مئی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی سے مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ اعجاز الحق نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال کے علاوہ مسلم لیگیوں کے اتحاد اور آئندہ انتخابات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر چودھری شافع حسین بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ مسلم لیگیوں کا اتحاد ضروری اور خوش آئند ہے، آئندہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ بھرپور حصہ لے گی اس سلسلے میں سیاسی و انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ الیکشن کروانے کے حوالے سے سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم ایسا ہونا چاہئے جس پر کسی سیاسی جماعت کو اعتراض نہ ہو جبکہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا غیر متنازعہ شخصیت ہونا بھی نہایت ضروری ہے۔