’’پنجاب پھر ہے ٹاپ پر…نیازی کچھ رحم کرواپنے آپ پر‘‘

’’ دنیا میں پنجاب کا نام ہوا…اورزرداری بری طرح ناکام ہوا‘‘ ’’پنجاب کی ترقی کو مانے گا زمانہ …ڈھونڈے گا اب نیازی نیا بہانا‘‘ وزیراعلیٰ کی میڈیا ٹاک کے دوران لطیف پیرائے میںنیم شاعرانہ گفتگو وزیراعلیٰ شہبازشریف کی سخت گرمی کے باوجودچنیوٹ اوراوکاڑہ کے طوفانی دورے

منگل 22 مئی 2018 18:36

’’پنجاب پھر ہے ٹاپ پر…نیازی کچھ رحم کرواپنے آپ پر‘‘
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے سخت گرمی کے باوجود چنیوٹ اوراوکاڑہ میں طوفانی دورے کیے۔ وزیراعلیٰ نے چنیوٹ کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں تعمیر نو کے منصوبے کا افتتاح کرنے کے بعد او پی ڈی اوردیگر وارڈ کا دور ہ کیا ۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر مریضوں سے ان کی خیریت دریافت کی اورجلد صحت یابی کیلئے دعائیں کی۔

انہوںنے ہسپتال میں ڈاکٹروں اورطبی عملے کے رویے اورادویات کی فراہمی کے بارے میں بھی دریافت کیا ۔ایک خاتون مریضہ نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ چنیوٹ کے ہسپتال میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں۔لگتا ہی نہیں کہ یہ چنیوٹ کا ہسپتال ہے یا یورپ کا کوئی ادارہ ۔وزیراعلیٰ نے چنیوٹ پہنچنے پر ضلعی ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں کھڑے عوام کے ہجوم کو دیکھ کر ہاتھ ہلا کر ان کے نعروں کا جواب دیا ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر پروٹوکول گاڑی کی بجائے میڈیا وین میں سفر کیا ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف جب چنیوٹ ہسپتال سبزہ زار کے لان میں میڈیا ٹاک کیلئے پہنچے تو پنڈال عوام سے بھر گیا،سینکڑوں کارکن پنڈال کے باہر کھڑے ہوکر ساڈشیر آیا کے نعرے لگاتے رہے۔وزیراعلیٰ اپنے دورے کے دوسرے مرحلے میں اوکاڑہ پہنچے تو ارکان اسمبلی اورمقامی حکام نے ان کا استقبال کیا ۔

وزیراعلیٰ ہسپتال میں لوگوں سے گھل مل گئے اورنئی طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کرتے رہے۔مریضوں کے لواحقین نے بتایا کہ اوکاڑہ ہسپتال کی قدیم بلڈنگ کو جدید رنگ میں دیکھ کر بہت خوشی ہوتی ہے،شہبازشریف صاحب آپ کا شکریہ ،آپ نے ہمارے ہسپتال کو نیا بنادیا۔وزیراعلیٰ نے اوپی ڈی ،تھیٹر ، آپریشن تھیٹر،ڈینٹل سیکشن ،ہیپاٹائٹس فلٹر کلینک کا دورہ کیا اورمریضوں کو فراہم کردہ سہولتوں کا جائزہ لیا۔

بعدازں وزیراعلیٰ نے میڈیا ٹاک میں شاعرانہ انداز اختیار کیا جس کو حاضرین نے بہت سراہا۔وزیراعلیٰ نے یو این ڈی پی کی رپورٹ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب پھر ہے ٹاپ پر…نیازی کچھ رحم کرواپنے آپ پر‘‘۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ’’ دنیا میں پنجاب کا نام ہوا…جھوٹا نیازی کا الزام ہوا…اورزرداری بری طرح ناکام ہوا‘‘۔انہوںنے دوبارہ پنجاب کی ترقی اورخوشحالی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’’پنجاب کی ترقی کو مانے گا زمانہ …ڈھونڈے گا اب نیازی نیا بہانا‘‘۔’’سچی عزت ملتی ہے کام سے …کچھ نہیں ہوتا نیازی کے الزام سے ‘‘۔وزیراعلیٰ نے ڈاکٹر زکی درخواست پر ان کے ساتھ سیلفیاں بنوائیں۔