گرین لائن ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی

گرین لائن ٹرین گڑھی شاہو کے قریب مال گاڑی سے ٹکرا گئی ،خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ٹرین کے انجن کی ٹرالی تباہ ،متعدد بوگیاں پٹری سے اترگئیں ،وزیر ریلوے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیدیا غفلت کے مرتکب اہلکاروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی‘سعد ر/سگنل ملنے پر گاڑی آگے لایا ،میری کوئی غلطی نہیں ‘ ڈرائیور کا موقف

منگل 22 مئی 2018 18:30

گرین لائن ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ٹرین مال گاڑی سے ٹکرا گئی تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا،وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔بتایا گیا ہے کہ کراچی سے اسلام آباد جانے والی گرین لائن ٹرین لاہور میں گڑھی شاہو کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی اور اس کی کئی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔

ڈویژنل سپریٹنڈنٹ لاہور سفیان سرفراز ڈوگر کے مطابق گرین لائن ٹرین کھڑی مال گاڑی سے ٹکرائی جس سے ٹرین کے انجن کی ٹرالی تباہ ہوگئی اور متعدد بوگیاں پٹری سے اترگئیں تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ڈی ایس لاہور کے مطابق حادثے میں گرین لائن کا انجن ڈی ریل ہوگیا جبکہ مال گاڑی میں گارڈ کا ڈبہ متاثر ہوا۔

(جاری ہے)

واقعے کی اطلاع ملتے ہی متعلقہ حکام موقع پر پہنچ گئے اور ریلیف آپریشن شروع کردیا گیا۔

گرین لائن ٹرین کے ڈرائیور کا کہنا ہے کہ حادثے میں میری کوئی غلطی نہیں ، سگنل ملنے پر گاڑی آگے لیکر آیا اور مال گاڑی دیکھنے پر ایمرجنسی بریک بھی لگائی ۔ترجمان ریلوے کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے گرین لائن کے گڈز ٹرین سے ٹکرانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے ۔ سعد رفیق نے کہا ہے کہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔