ایرانی صدر کی لائیو تقریر کی نشریات میں پیچھے بیٹھا پاکستانی شخص کون ہے؟

ایرانی صدر کی لائیو تقریر کی نشریات میں پیچھے بیٹھے مسلسل کھاتے ہوئے شخص ’بیرسٹر ظفر الله ‘ ہیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 22 مئی 2018 17:38

ایرانی صدر کی لائیو تقریر کی نشریات میں پیچھے بیٹھا پاکستانی شخص کون ..
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22 مئی 2018) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو تیزی کے ساتھ وائرل ہو رہی تھی ۔جس میں او آئی سی کے سربراہی اجلاس سے  ایرانی صدر روحانی خطاب کر رہے تھے۔ لیکن ایرانی صدر کے پیچھے بیٹھے شخص نے سب کی توجہ اپنی طرف کھینچ لی۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایرانی صدر جب تقریر کر رہے ہیں تو ان کے پیچھے موجود ایک شخص مسلسل منہ چلا رہا ہے اور کچھ کھا رہا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ شخص کسی سے بوتل میں کچھ منگواکر بھی پیتا ہے۔سوشل میڈیا پر یہ ویڈیو آنے کے بعد ایران میں ہنگامہ برپا ہو گیا کیونکہ ایران کے لوگ یہ سوچ رہے تھے کہ ایرانی صدر کی تقریر کے دوران کھانے پینے میں مصروف یہ شخص ایران کی ہی کوئی معروف شخصیت ہیں۔ایران میں سوشل میڈیا پر اس ویڈیو پر خوب تنقید کی گئی۔

(جاری ہے)

تاہم اب یہ معمہ حل ہو گیا ہے اور سب کو پتہ چل گیا ہے کہ ایرانی صدر کے پیچھے موجود یہ شخص پاکستان سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا نام ’بیرسٹر ظفر اللہ ’ ہے۔

پاکستان کے معروف صحافی عامر متین نے اس متعلق ایک ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی کبھی اپنی بھوک کو روکنا پڑتا ہے۔ایران کے لوگ یہ جاننا چاہ رہے تھے کہ آخر یہ شخص کون ہے جو مسلسل ایرانی صدر کی لائیو تقریر میں پریشانی کا باعث بن رہا ہے۔اور یہ شخص ’بیرسٹر ظفر اللہ ’ ہیں۔
ایک سوشل میڈیا صارف کا اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چھوٹے لوگ بڑے عہدوں پر فائز ہو جائیں تو ملک و قوم کے ناموس اور عزت کی اسی طرح بےتوقیری ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے استنبول میں اسلامی تعاون تنظیم کے ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالم اسلام کو در پیش خطرات سے نمٹنے کے لئے 6 تجاویز پیش کرتے ہوئے صیہونی حکومت کے غاصبانہ قبضے کو ختم کرنے کے لئے اسلامی ممالک سے عملی اتحاد اور تعاون کا مطالبہ کیا تھا۔