سپریم کورٹ ،ْسابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی عبوری ضمانت منظور

منگل 22 مئی 2018 17:49

سپریم کورٹ ،ْسابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی عبوری ضمانت منظور
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے کراچی پولیس میں بھرتیوں سے متعلق سابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس غلام حیدر جمالی کی عبوری ضمانت منظور کرتے ہوئے ملزم کو 5 لاکھ روپے کے مچلکے 5 روز میں جمع کرانے کا حکم دیدیا۔جسٹس منظور ملک کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے غلام حیدر جمالی کی ضمانت درخواست پر سماعت کی، اس موقع پر سابق آئی جی سندھ کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت میں سماعت کے دوران وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ پولیس کانسٹیبلز کی تعیناتیوں میں سابق آئی جی کا کوئی کردار نہیں، 14-2013 میں مذکورہ تعیناتیاں آئی جی سندھ کی ذمہ داری نہیں تھی۔اس پر جسٹس منظور ملک نے استفسار کیا کہ کیا غیر قانونی بھرتی ہونے والے افراد اب بھی کام کر رہے ہیں، جس پر وکیل لطیف کھوسہ نے بتایا کہ کچھ کام کر رہے ہیں جبکہ کچھ روز مرہ کی بنیاد پر کام نہیں کررہے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے اس معاملے میں قومی احتساب بیورو (نیب) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 7 جون تک ملتوی کردی۔خیال رہے کہ 18 مئی کو سندھ کے سابق آئی جی نے ضمانت قبل از گرفتاری کے لیے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔