Live Updates

پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت کےفنڈز کےغلط استعمال پررپورٹ جاری

جعلی خادم اعلیٰ قوم کو17لاکھ یومیہ میں پڑا،گزشتہ سال2 کروڑ40 لاکھ کے6 ڈبل کیبن ڈالے،وزیراعلیٰ ہاؤس کیلئے2کروڑ10لاکھ مالیت کی بلٹ پروف گاڑی خریدی گئی،ہیلی کاپٹر کے کرائےکی مد میں وفاق کو12کروڑ 16لاکھ 20ہزارادا کئےگئے۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 22 مئی 2018 17:13

پی ٹی آئی کی پنجاب حکومت کےفنڈز کےغلط استعمال پررپورٹ جاری
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22مئی 2018ء) : پی ٹی آئی پنجاب نے پنجاب حکومت کے فنڈز کے غلط استعمال پر رپورٹ جاری کردی ہے، سادگی کا نعرہ لگانے والا جعلی خادم اعلیٰ قوم کو17 لاکھ یومیہ میں پڑا،گزشتہ مالی سال میں 2 کروڑ 40 لاکھ کے 6 ڈبل کیبن ڈالے، وزیراعلیٰ ہاؤس کیلئے2 کروڑ10 لاکھ مالیت کی بلٹ پروف گاڑی خریدی گئی، شہباز شریف کے ہیلی کاپٹر کے کرایہ کی مد میں وفاق کو 12کروڑ 16لاکھ 20 ہزار ادا کئے گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے پنجاب حکومت کی جانب سے فنڈز کے غلط استعمال پر رپورٹ جاری کردی۔رپورٹ میں وزیراعلیٰ پنجاب کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ حکمرانوں نے ریاستی وسائل کو اپنی ذات پر خرچ کر ڈالا، ایک طرف شہباز شریف سادگی کا نعرہ لگاتے رہے دوسری طرف خزانے پر ہاتھ صاف کرتے رہے، یہ نام نہاد خادم اعلیٰ عوام کو17 لاکھ یومیہ میں پڑتاہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ مالی سال2017-18ء میں 2 کروڑ 40 لاکھ مالیت کے شہباز شریف کے پروٹوکول کیلئے 6 نئے ڈبل کیبن ڈالے خریدے گئے، وزیراعلیٰ ہاؤس کیلئے2 کروڑ10لاکھ مالیت کی بلٹ پروف گاڑی خریدی گئی جو وی آئی پیز کے زیراستعمال ہے، شہباز شریف اور انکی نا اہل کابینہ نے وفاقی سے ہیلی کاپٹر کرائے پر لیا جس کیلئے وفاق کو 12 کروڑ 16لاکھ 20 ہزار روپے کرایہ کی مد میں دیا گیا، وزرا کے پروٹوکول کے لئے 2 کروڑ 55 لاکھ کی 3 الگ سے گاڑیاں خریدی گئیں، سپیشل برانچ لاہور نے تین ٹیوٹا کرولا میں جیمرز لگائے جس کے لئے ایک کروڑ 65 لاکھ روپے استعمال ہوئے اور یہ گاڑیاں حکومتی عہدیداروں اور افسران کے زیر استعمال ہیں، انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ نے مہنگی گاڑیاں لینے پر زور رکھا اور دو بلٹ پروف لینڈ کروزر خریدی گئیں جو 8 کروڑ 90 لاکھ روپے میں خریدیں ، اسی طرح ایک گاڑی کو بلٹ پروف کروایا گیا، جس پر 70لاکھ روپے اخراجات ہوئے ۔

پولیس اور انسداد دہشت گردی کی گاڑیاں اور سکوا ڈ شریف فیملی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے کام کر رہی ہیں۔میاں محمودالرشید نے کہا کہ صاف پانی، صحت اور تعلیم سمیت دیگر منصوبوں سے فنڈز نکال کرکلثوم نواز کے حلقے این اے 120کی سکیموں کو فنڈز جاری ہوئے ، غیر قانونی طورپر نئی ترقیاتی سکیموں کو فنڈز منتقل کرنے کی منظوری شہبازشریف نے دی۔ این اے 120کے ضمنی الیکشن کے دوران ساڑھے 8ارب روپے خرچ کئے گئے۔

اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے جاری تفصیلات میں مزید بتایا کہ پنجاب حکومت نے خزانے کا اس قدر ناجائز استعمال کیا جس کی تاریخ میں نظیر نہیں ملتی، احتساب عدالت میں نواز شریف کا مقدمہ لڑنے والے حارث سلیم کو خزانے سے فیس کی مد میں55 لاکھ، اعظم نذیر تارڑ ایڈووکیٹ کی خدمات لینے کی مد میں 25 لاکھ 90 ہزار روپے ادا کئے گئے۔، جاتی عمرہ کی سکیورٹی پر 1کروڑ 41لاکھ 37 ہزار روپے اضافی ادا کئے گئے ہیں جبکہ چیف سیکرٹری پنجاب اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی رہائشگاہوں کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے جس کے لئے سرکاری خزانے سے 19لاکھ 91 ہزار روپے لگائے گئے ۔

میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ شہباز شریف خدمت کے جھوٹے دعوے کرتے رہے اپنے دور اقتدار میں لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کر سکے نہ ہی بجلی کی پیداوار بڑھانے میں کامیاب ہوئے جعلی منظوبوں کا افتتاح کرتے چلے گئے اور پیچھے سے منصوبے بند ہوتے رہے، شہباز شریف خدمت کے نام پرعوام کا معاشی قتل کرتے رہے اور عوام کو 6ارب کی سبسڈی دینے اورآمدن پر ٹیکس کا مقررہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے اور 544 ارب 60 کروڑ کے بجائے 456 ارب سے بھی کم ٹیکس وصول کر سکے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات