ْ ڈمپرز اور چنگ چی رکشا کے حادثات کی روک تھام کیلئے قابل عمل و جامع حل کی ضرورت ہے، ڈی سی

منگل 22 مئی 2018 16:47

سرگودھا۔22 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا ہے کہ ہائی ویز پر آئے روز ڈمپرز او رچنگ چی رکشا کے حادثات کی روک تھام کیلئے قابل عمل اور جامع حل کی ضرورت ہے ، حادثات کے کنٹرول کیلئے ٹریفک پولیس ‘سیکرٹری آر ٹی اے اور پٹرولنگ پولیس کو خصوصی ٹاسک دیدیا گیا ہے جس کے تحت ڈمپرز کی اوورلوڈنگ ‘ بلالائسنس ڈرائیونگ ‘ چنگ چی رکشے کی ہائی ویز پر چلنے کی پابند پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائیگا، اسی طرح پٹرولنگ پولیس کو ہائی ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کیخلاف چالان کرنے کے اختیارات کیلئے محکمہ داخلہ اور آئی جی پنجاب کو تجاویز بجھوانے نیز پل گیارہ اور چک نمبر 46 پر تجاوزات کیخلاف موثر اور بھر پور کریک ڈاؤن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا، وہ گذشتہ روزپل گیارہ فیصل آباد روڈ پر آئے روز ٹریفک حادثات بالخصوص ڈمپرز اور چنگ چی رکشا کے حادثات پر کنٹرول کے حوالہ سے ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ ہا ئی ویز حادثات کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اورایسے فیصلوں کی ضرورت ہے جن پر عمل درآمد کرکے حادثات پر قابو پایا جائے ، انہوں نے کہاکہ چنگ چی رکشاؤں اور ڈمپرز کی اوور لوڈنگ کے علاوہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ان حادثات کی بنیادی وجوہات ہیں اس لئے ضروری ہے کہ بلالائسنس ڈرائیونگ او راوور لوڈنگ کیخلاف موثر اقدامات کئے جائیں ۔