ن لیگی حکومت نے آزاد خطہ کی تعمیر وترقی ، قانون سازاسمبلی کو بااختیار بنانے ، دہائیوں سے زیر التواء آئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ، راجہ محمد فاروق حیدر

لیگی حکومت کے ٹھوس ،عملی اقدامات سے آزاد کشمیر سمیت ملک کے چھوٹے ، پسماندہ یونٹس کا احساس محرومی ختم ہوا، ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا، وزیراعظم آزاد کشمیر

منگل 22 مئی 2018 16:18

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے آزاد خطہ کی تعمیر وترقی ، آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی کو بااختیار بنانے ، حکومت آزاد کشمیر کو باوقار بنانے ، دہائیوں سے زیر التواء آئینی ، انتظامی اور مالیاتی امور کو یکسو کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے ۔

لیگی حکومت کے ٹھوس اور عملی اقدامات کے سلسلہ میں آزاد کشمیر سمیت ملک کے چھوٹے اور پسماندہ یونٹس کا احساس محرومی ختم ہوااور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوا۔ نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلنے جانے کے بعد ملک ترقی اور خوشحالی کی پٹڑی سے اتر گیا اور وطن عزیز مشکلات کا شکار ہوا اللہ رب العزت سے دعا ہے کہ پاکستان مشکل صورتحال سے نکل جائے ۔

(جاری ہے)

قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے بعد وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کی پالیسیاں جاری رکھیں اور آزاد کشمیر کے امور میں بھر پور دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ آزاد کشمیر کے معاملات میں بھرپور دلچسپی لینے پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہرنے آزاد خطہ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بھر پور کر دار ادا کیا ہے اور آزاد کشمیر کے تمام معاملات میں ذاتی دلچسپی دکھائی اور پانچ سال کے دوران بھرپور کام کیا۔

بحیثیت وزیر امور کشمیر برجیس طاہر نے جو خدمات سرانجام سرانجام دیں ان پر ان کو شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیر امور کشمیر نے ہمارے ساتھ بھائیوں جیسا تعلق رکھا ان سے پیار و محبت والی لڑائیاں بھی ہوتی رہی مگرباہمی اعتماد کے رشتوں میں کمی نہیں آئی انہوں نے ہمیشہ ہمارا خیال رکھا ۔ان خیالات کا اظہار راجہ محمد فاروق حیدرخان نے وفاقی وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر کے اعزاز میں دئیے گئے الوداعی افطار ڈنر سے خطاب کے دوران کیا ۔

افطار ڈنر میں صدر ریاست سردار محمد مسعود خان ، سپیکر قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر ، سینئر وزیر چوہدری طارق فاروق ، کابینہ اراکین ، ممبران اسمبلی ، ممبران کشمیر کونسل ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر ، انسپکٹر جنرل پولیس ، لیگی عہدیداران و کارکنان سمیت سول سوسائٹی کے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ بحیثیت وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف نے ملک کے اندر تعمیر وترقی کا انقلاب لایا ۔

ملک کے اندر میگا پراجیکٹس شروع کیے ۔ بدقسمتی سے میاں محمد نواز شریف کو وزارت عظمیٰ سے ہٹا دیا گیا ۔ نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلنے جانے کے بعد ملک کو شدید نقصان ہوا۔ پاکستان کے اندر الیکشن کی آمد آمد ہے اور تاریخ فیصلہ کرے گی کہ میاں محمد نواز شریف تاریخ ساز تھے یا نہیں آزاد کشمیر کے تعمیر وترقی کیلئے ستر سال تاریخ میں پہلی مرتبہ وافر مقدار میں ترقیاتی فنڈز مہیا کیے گئے ۔

43سال کے بعد آزاد کشمیر کے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم 1992کے بعد وفاقی محصولات ، این ایف سی میں آزاد کشمیر کے حصہ میں اضافہ ، نیلم جہلم اور منگلا ڈیم کے واٹر یوزز چارجز اور دیگر صوبوں کے برابر کرنے پر عملی اور تاریخی پیش رفت ہوئی ۔ قومی سلامتی کمیٹی نے آزاد کشمیر کے آئینی ، مالیاتی اور انتظامی اختیارات کو بڑھانے کی باضابطہ منظوری دی راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کے وزارت عظمیٰ سے چلے جانے کے بعد شاہد خاقان عباسی نے قائد پاکستان کی پالیسیوں کو جاری رکھا جس پر وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔

ان پالیسیوں کے تسلسل کے نتیجہ میں آزاد کشمیر کے ریاستی امور یکسو ہوئے ۔ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے وزیر امور کشمیر چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ اقتدار کانٹوں کی سیج ہوتی ہے ۔ مسلم لیگ ن کا کارکن ہوں بحیثیت کارکن ہی کام کیا ۔ گزشتہ دو برسوں کے دوران وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی حکومت نے جس انداز میں کام کیا اور تاریخی اقداما ت اٹھائے ان سے میرا سر فخر سے بلند ہو گیا ہے ۔

جتنی عزت کشمیر میں ملی اتنی کئی بھی نہیں ملی ۔ اللہ رب العزت نے اہل کشمیر کی خدمت کا موقع دیا اور ہم نے حتی المقدور کوشش کی کہ اپنے فرائض بھرپور طریقے سے ادا کروں ۔ وزیر امور کشمیر نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال انتہائی تشویش ناک ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے کشمیریوں کو جارحیت کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔

حکومت پاکستان اپنی تمام تر صلاحیتیں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے صرف کر رہی ہے مقبوضہ کشمیر کے اندر اور لائن آف کنٹرول پر نہتے عوام کو نشانہ بنائے جانے کے اقدامات پر پاکستان کو تشویش ہے ۔۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے بحیثیت وزیر اعظم پاکستان بین الاقوامی سطح پر کشمیر یوں کے آواز بنے ۔ شہید کشمیر برہان مظفر وانی کا تذکرہ اقوام متحدہ کے فورم پر کیا ۔

قائداعظم محمد علی جناح کے فرمان کے مطابق کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ سمجھا ۔ انہوں نے کہا کہ جلد کشمیر آزاد ہوگااور کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کو ایک ماڈرن اسٹیٹ بنانے کے لیے مسلم لیگ ن کی حکومت نے بھرپور اقدامات اٹھائے ۔ آزاد کشمیر کو ماڈرن اسٹیٹ بنانے کے خواب کی تعبیر ضرور ہوگی ۔ اللہ نصرت و حمایت سے آئندہ بھی پاکستان کے اندر مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی اور یہ خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔ مسلم لیگ ن کے کوآرڈینیٹر ملک ذوالفقار نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔