غوری ایکسپریس ٹرین کو چک جھمرہ ریلوے سٹیشن پر 2منٹ سٹاپ کی اجازت

غوری ایکسپریس ٹرین کا سٹاپ ، چک جھمرہ کی عوام کا درینہ مطالبہ مان لیا گیا‘ ڈی ایس ریلوے لاہور

منگل 22 مئی 2018 16:06

غوری ایکسپریس ٹرین کو چک جھمرہ ریلوے سٹیشن پر 2منٹ سٹاپ کی اجازت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) عوام الناس کی سہولت کے پیش نظر ریلوے انتظامیہ لاہور ڈویژن نے غوری ایکسپریس ٹرین 113_اپ/114 ڈاون کو چک جھمرہ ریلوے سٹیشن پر آتے جاتے 2منٹ رکنے کی اجازت دے دی ہے جس پر فوری عمل درآمد بھی ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

یہ ٹرین لاہور سے شام 7بجکر 15 منٹ پر چل کر چک جھرہ ریلوے سٹیشن پر رات 9 بجکر 5منٹ پر پہنچ کر 2منٹ کا سٹاپ لینے کے بعد رات 9 بجکر 40 منٹ پر فیصل آباد پہنچا کرے گی اور اسی طرح فیصل آباد سے دوپہر 3بجکر 30 منٹ پر چل کر چک جھمرہ سٹیشن پر دوپہر 3 بجکر 48منٹ پر پہنچ کر 2 منٹ کا سٹاپ لیتے ہوے شام 5 بجکر 45 منٹ پر لاہور پہنچا کرے گی۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے لاہور ڈویژن محمد سفیان سرفراز ڈوگر کا کہنا ہے کہ چک جھرہ کی عوام کا غوری ایکسپریس ٹرین کے سٹاپ کا درینہ مطالبہ تھا جسے ریلوے انتظامیہ نے عوام الناس کی سہولت کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے مزکورہ ٹرین کو چک جھمرہ ریلوے سٹیشن پر 2 منٹ رکنے کی اجازت دے دی یے۔ ڈی ایس ریلوے لاہور نے مذید کہا کہ چک جھمرہ ریلوے سٹیشن پر غوری ایکسپریس ٹرین کے سٹاپ سے ریلوے آمدنی میں بھی اضافہ ہوگا۔