اینٹی نارکوٹکس فورس کے فورس کمانڈرزاجلاس کاانعقاد

انسداد منشیات کی کارروائیوں کی صورتحال اور پیشہ ورانہ امورکا جائزہ لیاگیا

منگل 22 مئی 2018 15:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس کے فورس کمانڈرزکا اجلاس اے این ایف ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہوا، جسکی صدارت ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نوازملک ،ہلال امتیاز(ملٹری) نے کی۔اجلاس میں اے این ایف کے علاقائی دفاتر کے کمانڈروں اور سینئر سٹاف افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ،ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے ادارے کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی کو سراہا، اورنوجوان نسل کو منشیات فراہم کرنے میں ملوث عناصر کے خلاف جاری مہم پر توجہ مرکوز کرنے پرخصوصی زوردیا،جو ہماری نوجوان نسل کوتباہی سے دوچارکر رہے ہیں۔

انھوں نے مصنوعی وکیمیائی طور پر تیارکردہ منشیات کے استعمال کے بڑھتے ہوئے رحجانات کو بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے ،خصوصی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران ، محکمے کے پیشہ ورانہ اموراور پیش رفت کا کا بغورجائزہ لیاگیا۔انہوں نے ملک میں منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان ، خصوصاًتعلیمی اداروںاور ہاسٹلز میں منشیات فراہم کرنے والے عناصراورمنشیات کے جرائم میںملوث اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور ان کوکیفر کردارتک پہنچانے کیلئے جاری ملک گیر مہم کو مزیدتیز کرنے کے احکامات جاری کئے۔

ڈائریکٹر جنرل اے این ایف نے منشیات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے جاری اقدامات کی پیش رفت کا جائزہ لیااورمنشیات کی اسمگلنگ میں ملوث ذرائع ترسیل کی گرفتاری پرخصوصی زوردیا۔دوران اجلاس،نفاذ قانون ، انٹیلی جنس،تفتیش اثاثہ جات، پیروی مقدمات وقانونی چارہ جوئی، منشیات کے خلاف عوامی سطح پرشعوربیدارکرنے ،مالی و انتظامی امور اورمحکمانہ صلاحیت میں اضافے جیسے پہلوزیربحث لائے گئے۔علاوہ ازیں، مستقبل کے اہداف مقرر کئے گئے اورنئے اقدامات عمل میں لانے اورمحکمانہ استعداد بڑھانے کے منصوبوں پر خصوصی طور پرغورکیاگیا۔

متعلقہ عنوان :