مساجد پر حملوں کے منصوبہ سازی کے الزام میں فرانسیسی شہری کو چھ سال قید

یوکرائنی فورسز نے گریگوری ایم نامی فرانسیسی شہری کو 2016 میں پولینڈ کی سرحد سے گرفتار کیاتھا

منگل 22 مئی 2018 14:19

کیف(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) یوکرائن کی ایک عدالت نے ایک فرانسیسی شہری کو مساجد پر حملوں کے منصوبہ سازی کے الزام میں 6 سال قید کی سزا سنادی۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق یوکرائن کی سیکیورٹی فورسز نے گریگوری ایم نامی فرانسیسی شہری کو 2016 میں پولینڈ کی سرحد سے متصل علاقے سے گرفتار کیا تھا، گرفتاری کے وقت گریگوری ایم کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد ہوا تھا۔

عدالت میں دوران سماعت یوکرائن کی خفیہ ایجنسی ایس بی یو نے موقف اختیار کیا تھا کہ گریگوری کا تعلق انتہا پسند عیسائی نظریات کے حامل گروپ سے ہے اور وہ 2016 میں فرانس میں کھیلی گئی یورپی فٹ بال چیمپئن شپ کے دوران مساجد اور یہودی عبادت گاہوں پر کم از کم 15 حملے کرنا چاہتا تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم کو 6 سال قید کی سزا سنادی ہے۔