Live Updates

تحریک انصاف کی اپنے خون سے آبیاری کرنے والے کارکن صورتحال سے پریشان

الیکٹیبلزکی بڑی تعداد دھڑا دھڑپی ٹی آئی میں شامل ہورہی ہے جس سے معلوم ہوتا ہے ہماری عوامی نمائندگی کی باری کبھی نہیں آئے گی‘ایم یاسین فرخ کمبوہ ایڈووکیٹ

منگل 22 مئی 2018 12:14

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) تحریک انصاف کیلئے یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ الیکٹیبلزکی ایک بڑی تعداد اِس جماعت میں دھڑا دھڑ شامل ہورہی ہے جس کیوجہ سے عمران خان نے اپنے آپ کو آئندہ وزیراعظم گردانتے ہوئے پہلے سو دن کاپروگرام بھی دیدیاہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ اِس جماعت کی اپنے خون سے آبیاری کرنے والے کارکن اِس صورتحال سے سخت پریشان ہیں ‘انہیں ایسا معلوم ہوتاہے کہ اُن کی عوامی نمائندگی کرنے کی باری کبھی نہیں آئے گی‘اُن میں سے اکثر بددل ہوکر آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کررہے ہیں۔

اِن خیالات کا اظہار ایم یسیٰن فرخ کمبوہ ایڈووکیٹ سپریم کور ٹ سابق ممبر ایگزیکٹو سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ انہیں1970ء کے انتخابات کا منظر یاد آرہاہے جب شہیدذوالفقار علی بھٹونے اپنے کارکنوں کو الیکشن میں کھڑا کیا اور وہ اکثریت سے جیتے کیو نکہ اُن کو اپنے کارکنوں پر اعتماد تھاجنہوں نے پارٹی کیلئے خون دیا نہ کہ اُن لوگوں پر جو دوسری پارٹیاں چھوڑ کر نئی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے اِس بات پر حیرانگی کا اظہارکیا کہ عمران خان اور اُس کے ساتھیوں نے یہ کیسے سمجھ لیا کہ جو لوٹے اپنی سابقہ پارٹیاں چھوڑ کر اُن کی پارٹی میں شامل ہورہے ہیں وہ لازمی طورپر جیت جائیں گے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ اب حالات بہت بدل چکے ہیں اور لوگ اچھی طرح جان چکے ہیں کہ کون سچاہے اور کون جھوٹااوریہ اللہ تعالیٰ ہی بہترجانتاہے کہ کل کو کس کی جیت ہوگی اور کس کی شیخیاں دھری کی دھری رہ جائیں گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات