جوہری ہتھیاروں سے لیس ممالک دنیا کو دھمکا رہے ہیں،ترک صدر

ایرانی جوہری معاہدے سمیت دیگرمسائل کوبھڑکانا نہیں چاہتے،مشرق وسطیٰ کو ہتھیاروں سے پاک کرناہوگا،خطاب

منگل 22 مئی 2018 11:50

انقرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2018ء) ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے جوہری ہتھیار کے حامل ممالک پر الزام لگایا ہے کہ وہ دنیا کو دھمکا رہے ہیں جبکہ ساتھ ہی انھوں نے امریکہ کو ایران جوہری معاہدے سے نکلنے پر تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق رجب طیب اردوغان نے کہا کہ جن ممالک کے پاس 15 ہزار سے زائد جوہری ہتھیار ہیں وہ اس وقت دنیا کو دھمکا رہے ہیں۔

ان کا اشارہ دنیا بھر کے مجموعی جوہری ہتھیاروں کی جانب تھا جس میں سے زیادہ تر امریکہ اور روس کے پاس ہیں۔بظاہر ایران جیسے ممالک کی جانب اشارہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جوہری ہتھیار سے لیس ممالک انھیں کیوں دھمکا رہے ہیں۔انھوں نے افطار کے ساتھ عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اگر ہم انصاف کی بات کریں اور منصفانہ رویہ اختیار کریں تو جوہری ہتھیار سے لیس ممالک کا یہ کہنا کہ جوہری پاور سٹیشن خطرہ ہیں تو ان کا بین الاقوامی برادری کے سامنے کوئی اعتبار نہیں رہ جاتا۔

(جاری ہے)

صدر اردوغان نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کو تمام طرح کے جوہری ہتھیار سے پاک کرنا ہوگا۔ بظاہر ان کا اشارہ اسرائیل کی جانب تھا کیونکہ اس علاقے میں یہی وہ واحد ملک ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ اس کے پاس جوہری ہتھیار موجود ہیں۔صدر اردوغان نے کہاکہ جہاں تک ترکی کا سوال ہے ہم ایران کے جوہری معاہدے جسے سلا دیا گیا ہے سمیت دوسرے مسائل کو پھر سے بھڑکانا نہیں چاہتے۔ امریکی انتظامیہ کے فیصلے کے باوجود مثبت بات یہ ہے کہ معاہدے کے دوسرے دستخط کنندگان اس معاہدے کا پاس رکھ رہے ہیں۔