اپنے بچے کے نام میں ”مرزا ملک “ کے اضافے کا فیصلہ کس کا تھا ، ثانیہ مرزا نے بتا دیا

ہمارے خاندان میں بیٹا ،بیٹی کی ایک جیسی اہمیت ہے :ثانیہ مرزا

منگل 22 مئی 2018 11:38

اپنے بچے کے نام میں ”مرزا ملک “ کے اضافے کا فیصلہ کس کا تھا ، ثانیہ ..
نئی دہلی(ا ردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔22مئی 2018 ء) بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کا کہنا ہے کہ ہمارے معاشرے میں لڑکے کو خاندان کا ”چراغ“ کہا جاتا ہے لیکن وہ جس خاندان سے ہیں وہاں بیٹی کو معیوب نہیں سمجھا جاتا۔بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے ثانیہ نے بتایا کہ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں یہ سمجھا جاتا ہے کہ ایک لڑکا ہی خاندان کو آگے بڑھا سکتا ہے اور وہی خاندان کا چراغ ہوگا لیکن ان کا تعلق ایک ایسے خاندان سے ہے، جہاں 2 بیٹیاں تھیں لیکن انہیں کبھی بھائی کی ضرورت محسوس نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی ان سے مختلف برتاﺅ کیا گیا۔

ثانیہ مرزا کا کہنا تھاکہ اپنے ہونے والے بچے کا نام” مرزا ملک“ رکھنے کے فیصلے کے پیچھے بھی یہی سوچ تھی،ان کے شوہر شعیب ملک خود بھی ایسا ہی سوچتے ہیں اور کوئی مضبوط انسان ہی یہ کہہ سکتا ہے کہ وہ اپنے نام کے ساتھ اپنی بیوی کا نام بھی لگائے گا۔

(جاری ہے)

ثانیہ مرزا کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور شعیب ملک اپنے بچے کا نام مرزا ملک ہی رکھنا چاہتے تھے اور یہ سوچ اس وقت بھی ہمارے ذہن میں تھی جب ان دونوں نے والدین بننے کے حوالے سے منصوبہ بندی بھی نہیں کی تھی، انہوں نے ہمیشہ اس بارے میں بات کی ہے کہ چاہے لڑکا ہو یا لڑکی،ان کے بچے کے نام کا ایک حصہ مرزا ملک ہوگا اور انہیں اپنے ہونے والے بچے کے نام کے ساتھ اپنے نام لگانے پر فخر ہے۔

اپنی زندگی پر فلم بننے سے متعلق سوال کے جواب میں ثانیہ نے کہا کہ اس حوالے سے کئی باتیں کی جا رہی ہیں لیکن اس فلم سے متعلق ابھی باقاعدہ طور پر کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا اور ان کے شوہر پاکستانی کرکٹر شعیب ملک کے گھر ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے جس کی خوشخبری گذشتہ ماہ دونوں نے نہایت دلچسپ انداز میں سوشل میڈیا پر سنائی تھی،ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے بچے کا خاندانی نام ”مرزا ملک“ ہوگا، جو ثانیہ اور شعیب کے نام کے آخری حصے سے لیا گیا ہے۔