رمضان کے آخری عشرے کیلئے مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے ارد گرد تمام ہوٹل بٴْک ہوگئے

منگل 22 مئی 2018 10:20

مکہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2018ء) سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام کے ارد گرد کے وسطی علاقے میں واقع تمام ہوٹل رمضان المبارک کے آخری عشرے کیلئے بٴْک ہوگئے۔العربیہ ٹی وی کے مطابق ہوٹل کی صنعت سے وابستہ ذرائع نے بتایا ہے کہ مکہ مکرمہ کے اس علاقے میں واقع ہوٹلوں کے 1لاکھ 62 ہزار سے زیادہ کمرے ہیں، ان میں سے 1لاکھ 55 ہزار کمرے رقم کی پیشگی ادائیگی پر بٴْک ہوچکے ہیں۔

وسطی علاقے میں واقع ایک ہوٹل ڈائریکٹر مارکیٹنگ رضا شیلابی نے بتایا ہے کہ ان کے ہوٹل کے کل 810 کمرے ہیں اور وہ عازمین عمرہ نے بٴْک کرالئے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ رمضان کے پہلے عشرے کے دوران میں ایک کمرے کا کرایہ 1950 سعودی ریال سے 2500 سعودی ریال تک ہے اور اس میں افطار کا کھانا بھی شامل ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ آخری عشرے کے لیے دو کمروں کے نرخ میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے اور یہ 28 ہزار سعودی ریال تک پہنچ گیا ہے۔

اس میں بھی افطار کا کھانا شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے تین ماہ قبل ہی کمرے بٴْک ہونا شروع ہوگئے تھے، ہم سعودی عرب اور بیرونی ممالک سے ماہِ مقدس کے آخری عشرے کے دوران میں بڑی تعداد میں لوگوںکی عمرے پر ادائیگی کیلئے آمد متوقع ہے۔ ایک اور ہوٹل کے مارکیٹنگ کے عملہ کے رکن عبداللہ الزہرانی نے بتایا ہے کہ اس وقت ان کے ہوٹل کے 98 فیصد کمروں میں زائرین ِعمرہ ٹھہرے ہوئے ہیں۔

ان کا بھی کہنا تھا کہ رمضان کے آخری عشرے کیلئے ان کے ہوٹل کے 100 فی صد کمرے بٴْک ہوچکے ہیں اور ایک کمرہ 25 سے 42 ہزار سعودی ریال میں بٴْک ہوا ہے۔ واضح رہے کہ مکہ مکرمہ میں947 فرنشڈ اپارٹمنٹس اور ہوٹل ہیں اور ان کے 162493 کمرے ہیں جہاں زائرین و عازمین حج اور عمرہ مناسک کی ادائی کے دوران میں قیام کرتے ہیں۔