قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے وزارت مواصلات کا آخری اجلاس منعقد

پیر 21 مئی 2018 23:22

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) قومی شاہراہیں، پل اور موٹرویز کی تعمیر قومی جذبے سے جاری رہنی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے وزارت مواصلات کے آخری اجلاس میں کیا گیا۔ مجلس قائمہ نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس وقت وزارت مواصلات کا کوئی بھی غیر فعال منصوبہ نہیں ہے‘ جتنے بھی مشرف دور یا گذشتہ دور کے غیر فعال منصوبے تھے اٴْنہیں رواں کردیا گیا ہے۔

مجلس قائمہ نے وزارت مواصلات اور این ایچ اے کو ہدایت کی کہ وہ مجلس قائمہ کی طرف سے کی جانے والی تمام سفارشات پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور عمل درآمد کی رپورٹ باقاعدگی کے ساتھ قومی اسمبلی کو ارسال کی جائے۔ مجلس قائمہ نے وزارت مواصلات ، این ایچ اے ، موٹروے پولیس اور دیگر ذیلی اداروں کے تعاون اور سرعت تعمیل کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

وزارت مواصلات اور این ایچ اے کے حکام نے بھی مجلس قائمہ کے ممبران خصوصاً صدر نشین کو خراج تحسین پیش کیا اور قرار دیا کہ مجلس قائمہ کی راہنمائی میں جو سنگ ہائے میل طے ہوئے ہیں وہ اس کے بغیر ممکن نہیں تھے۔

مجلس قائمہ کا اجلاس، صدر نشین محمد مزمل قریشی ، ایم این اے کی صدرات میں ہوا جس میں ممبران قومی اسمبلی مائزہ حمید، جناب نذیر احمد بگھیو،جناب سلیم رحمٰن ،جناب محمد اقبال شاہ اورصاحبزادہ طارق اللہ نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ سیکرٹری مواصلات ، چیئرمین ، نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر اعلیٰ سول افسران نے شرکت کی۔