وفاداریاں اور پارٹیاں بدلنے والے مفاد پرستوں کیلئے رحیم یارخان کے عو ام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں ہے، میاں امتیازاحمد

پیر 21 مئی 2018 23:22

رحیم یارخان ۔ 21مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ وفاداریاں اور پارٹیاں بدلنے والے مفاد پرستوں کیلئے رحیم یارخان کے عو ام کے دلوں میں کوئی جگہ نہیں ہے‘ آئندہ عام انتخابات میں انہیں اپنی حیثیت کا پتہ چل جائے گا‘ رحیم یارخان کی سیاسی تاریخ گواہ ہے کہ جس جس نے بھی فصلی بٹیروں کی طرح پینترے بدلے اور اپنی پارٹیوں کے ساتھ غداری کی‘ ان کا مستقبل ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریک ہوگیا۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد ین محمدنواز شریف اور محمدشہباز شریف کا ادنیٰ سپاہی ہوں‘ آخری سانس تک اپنی پارٹی کے پلیٹ فارم سے عوام کی خدمت کا مشن جاری رکھوں گا۔ میرے متعلق پارٹی چھوڑنے یا کسی بھی دوسری جماعت میں شمولیت کیلئے رابطوں کے حوالے سے تمام تر افواہیں اور قیاس آرائیاں من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی مخالفین ایسا گمراہ کن پراپیگنڈہ کرکے اپنی مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔

عمرہ کی سعادت حاصل کرنے کے بعد رحیم یارخان واپسی پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ (ن) کو جن چیلنجز اور مشکلات کا سامنا ہے ‘ہماری پارٹی اور قیادت اس کا ڈٹ کر مقابلہ کررہی ہے اور انشاء اللہ فتح جمہوریت اور عوام کی ہوگی۔ مسلم لیگ (ن) نے پاکستان کو گذشتہ پانچ سال کے عرصہ میں مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر تابناک مستقبل کی راہ پر ڈالا ہے۔ انشاء اللہ آئندہ عام انتخابات میں عوام رحیم یارخان میں ہماری اور ملک بھر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی شاندار کارکردگی اور خدمات کی بنیاد پر ووٹ دیں گے اور مسلم لیگ ایک بار پھر حکومت بنائے گی۔