وہ پہلا اور بڑا خلیجی ملک جس نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ملتوی کردیا

muhammad ali محمد علی پیر 21 مئی 2018 21:45

وہ پہلا اور بڑا خلیجی ملک جس نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ملتوی کردیا
کویت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2018ء) وہ پہلا خلیجی ملک جس نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ملتوی کردیا ہے۔ خلیجی خبر رساں ادارے کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں جاری اصلاحات کے برعکس، ایک خلیجی ملک نے ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ ملتوی کردیا ہے۔ کویت وہ خلیجی ملک ہے جس نے فی الحال ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ اور دیگر اصلاحات ملتوی کی ہیں۔

کویت نے یہ فیصلہ عالمی مارکیٹ میں یکدم بڑھ جانے والی تیل کی قیمتوں کے باعث کیا ہے۔ ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ اور دیگر اصلاحات ملتوی کرنے کا فیصلہ کویت کی پارلیمنٹ کی جانب سے کیا گیا ہے۔ کویت کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ کویت میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ اور دیگر اصلاحات کا عمل 2021 میں شروع کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس سےقبل کویت کی جانب سے دیگر خلیجی ممالک کیساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت 2019 میں ویلیو ایڈڈ ٹیکس کا نفاذ اور دیگر اصلاحات کا عمل شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

تاہم اب اس خلیجی ملک نے اپنا فیصلہ بدل دیا ہے۔ واضح رہے کہ کویت خلیجی ممالک میں مالی طور پر سب سے مستحکم ریاست تصور کی جاتی ہے۔ جبکہ دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کے باعث کویت کو باآسانی زائد منافع حاصل ہونے کی امید ہے۔ اسی باعث کویت کو فی الحال ویٹ اور اصلاحات کے نفاذ کی ضرورت نہیں۔ تب ہی کویت کی پارلیمنٹ کی جانب سے ویٹ اور اصلاحات کے نفاذ کے عمل کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کویتی حکومت کے اس فیصلے کے باعث پاکستانیوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کو فائدہ پہنچنے کا امکان ہے۔