امریکی اسکول میں پاکستانی طالبہ کا قتل قومی سانحہ ہے،نثار احمد کھوڑو کا سبیکہ شیخ کی رہائش گاہ جاکر اہل خانہ سے اظہار تعزیت

پیر 21 مئی 2018 22:55

امریکی اسکول میں پاکستانی طالبہ کا قتل قومی سانحہ ہے،نثار احمد کھوڑو ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے امریکہ کے شہر ٹیکساس کے اسکول میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکہ شیخ کی رہائش جاکر اُن کے اہل خانہ سے دکھ اور افسوس کرتے ہوئے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر پی پی پی سندھ کے نائب صدر راشد حسین ربانی، نعمان شیخ، آصف خان، اقبال ساند ایوب کھوسو، لالہ رحیم، قیصر نظامانی، وقاص شوکت، ظریف شاہ، ایوب عتیق اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔

نثار احمد کھوڑو نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کے اسکول میں دہشت گردی کا شکار ہونے والی قوم کی بیٹی سبیکہ شیخ کا قتل قومی سانحہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ جیسے ملک میں گزشتہ 5 ماہ میں اسکولوں میں دہشت گردی کے 22 واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی پاکستان میں ہو یا امریکہ میں ہمیں مل کر سختی کے ساتھ اس سے نمٹنا ہو گا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ سبیکہ شیخ کے اہل خانہ کا غم پوری قوم کا غم ہے آج ہم سب اس سانحہ پر اشک بار ہیں۔