سبیکا شیخ کی موت ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے، وسیم اختر

باصلاحیت طالبہ تھی،دونوں ملکوں کو اس حادثے سے سبق سیکھنا چاہئے،میئرکراچی طالبہ کے گھر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 21 مئی 2018 22:45

سبیکا شیخ کی موت ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے، وسیم اختر
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ امریکہ میں پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ کی موت ہمارے ملک کا بڑا نقصان ہے،سبیکا شیخ باصلاحیت طالبہ تھی اور اپنے ملک کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتی تھی،دونوں ملکوں کو اس حادثے سے سبق سیکھنا چاہئے،یہ بات انہوں نے پیر کی سہ پہر امریکہ میں جاں بحق ہونے والی طالبہ سبیکا شیخ کے گھر تعزیت کے لئے آمد پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ضلع شرقی کے چیئرمین معید انور، سٹی کونسل میں پارلیمانی لیڈر اسلم شاہ آفریدی، لینڈ کمیٹی کے چیئرمین ارشد حسن، فنانس کمیٹی کے چیئرمین ندیم ہدایت ہاشمی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

میئر کراچی نے کہا کہ اسلحے سے ملک پاک ہوگا تو سبیکا شیخ جیسی باصلاحیت طالبہ سے ہمیں ہاتھ نہیں دھونا پڑیں گے،قومی اسمبلی میں پاکستان کو اسلحے سے پاک کرنے کا بل ایک طویل عرصے سے جمع ہے،سات سال ہوگئے اب تک بل کو قومی اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش نہیں کیا گیا،انہوں نے کہا کہ جو حادثہ پیش آیا ماں باپ کے لئے گہرے صدمے کا باعث ہے اللہ سبیکا شیخ کے والدین کو صبر دے۔#