نڈال آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن جیت کر دوبارہ عالمی نمبر ایک بن گئے

نڈال نے الیگزینڈر زیوریف کو زبردست مقابلے کے بعد 6-1، 1-6 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا

پیر 21 مئی 2018 22:36

نڈال آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن جیت کر دوبارہ عالمی نمبر ایک بن گئے
روم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) شہرہ آفاق ہسپانوی ٹینس اسٹار رافیل نڈال ریکارڈ آٹھویں مرتبہ اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز سنگلز ٹائٹل جیت کر ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک کے منصب پر فائز ہو گئے ہیں۔اٹلی میں منعقدہ ایونٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں نڈال نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے الیگزینڈر زیوریف کو زبردست مقابلے کے بعد 6-1، 1-6 اور 6-3 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

نڈال نے آٹھویں مرتبہ ٹائٹل جیت کر نیا ریکارڈ بھی قائم کر دیا ہے جبکہ یہ نڈال کے کیریئر کا 78واں اے ٹی پی ٹائٹل ہے۔اسطرح وہ زیادہ ٹائٹلز جیتنے والے دنیا کے چوتھے کھلاڑی بن گئے ہیں جہاں انہوں نے جان میک اینروئے کا ریکارڈ توڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا جنہوں نے 77 اے ٹی پی ٹائٹلز جیت رکھے تھے۔

(جاری ہے)

جمی کونرز 109 ٹائٹلز کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ راجر فیڈرر 97 ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے اور ایون لینڈل 94 ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں ،ْاس فتح کے ساتھ ہی نڈال نے عالمی درجہ بندی میں دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔

آئی ٹی ایف نے تازہ ترین اے ٹی پی اور ڈبلیو ٹی اے رینکنگ جاری کر دی ہے جس کے تحت مینز سنگلز میں نڈال دوبارہ ٹاپ پوزیشن پر آ گئے اور انہوں نے سوئس اسٹار راجر فیڈرر کو دوسری پوزیشن پر دھکیل دیا۔عالمی درجہ بندی میں الیگزینڈر زیوریف تیسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ مارلن سیلس نے ایک سیڑھی چڑھ کر گریگور دمتروف کو پانچویں پوزیشن پر بھیج دیا ہے۔دوسری جانب ویمنز سنگلز میں رومانوی کھلاڑی سیمونا ہیلپ بدستور سرفہرست ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں کیرولین ووزنیاکی دوسرے، گربین مگوروزا تیسرے اور ایلینا سویٹولینا چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔

متعلقہ عنوان :