چیف کمشنر اسلام آبا د کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور پولیس کا مشترکہ اجلاس، ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا

پیر 21 مئی 2018 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) چیف کمشنر اسلام آبا دآفتاب اکبر درانی کی زیر صدارت ضلعی انتظامیہ، سی ڈی اے اور پولیس کا مشترکہ ہفتہ وار اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلام آباد میں ناجائز تجاوزات کے خلاف جاری مہم کا جائزہ لیا گیا اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالہ سے اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے ٹیموں کو ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے جاری مہم کو مزید تیز کیا جائے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) شعیب علی کی سربراہی میں سی ڈی اے، انتظامیہ اور پولیس کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر ایکشن پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لے اور شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایاگیا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لئے مہم کامیابی سے جاری ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمہ کیلئے انتظامیہ اور پولیس سی ڈی اے کوبھرپور معاونت فراہم کر رہی ہے۔ سی ڈی اے سے کہا گیا ہے کہ جن جن علاقوں میں تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے وہاں سی ڈی اے اپنی ویجیلینس ٹیموں کے ذریعے مانیٹرنگ جاری رکھے تاکہ دوبارہ تجاوزات نہ ہوں اور اس سلسلے میں کڑی نظر رکھی جائے۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ گرین بیلٹس میں ماحول کی خوبصورتی برقرار رکھی جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، سی ڈی اے اور پولیس کے افسروں نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :