بی آر ٹی منصوبے کی طوالت نے پشاور کے عوام کو اجیرن بنا دیا ، لوگ ذہنی مریض بن گئے ہیں ،عتیق الرحمن

پیر 21 مئی 2018 21:11

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) ڈپٹی جنر ل سیکرٹری متحدہ مجلس عمل و جنر ل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ بی آر ٹی منصوبے کی طوالت نے پشاور کے عوام کو اجیرن بنا دیا ہے اور لوگ ذہنی مریض بن گئے ہیں ۔ منصوبے پر کام کے رفتار کو تیز کر کے بروقت تکمیل کے لیے صوبائی حکومت اقدامات کریں ۔ تاریخ پہ تاریخ دینے سے پشاور کے عوام میں تشویش پائی جارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ بی آر ٹی منصوبہ پشاور کے عوام کے لیے زحمت بنتا جارہا ہے اور رمضان المبارک اور شدید گرمی کے موسم میں گھنٹوں ٹریفک جام رہنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔ گرد و غبار سے بیماریاں پھیل رہی ہیں اور شہر گندگی کا ڈھیر بن گیا ہے ۔انہوںنے کہاکہ ایک طرف پشاور کے عوام ٹریفک مسائل کا شکا رہیں جب کہ دوسری طرف تاجر برادری کو بھی پریشانیوں کا سامنا ہے اور کاروبار تباہ ہورہے ہیں ۔ انہوںنے کہا کہ ایسے حالات میں صوبائی حکومت تاجروں کے نقصانات کے ازالے کے لیے بھی اقدامات اٹھائیں ۔ انہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت بی آر ٹی کے بروقت تکمیل اور عوام کو عذاب سے نجات دلانے کے لیے جنگی بنیادوں پر اقدامات کریں ۔