ہر روز افطاری کے بعد اسلام آباد کی سڑکوں پر شرمناک کھیل کھیلا جانے لگا

آئی جی اسلام آباد کی عدم توجہی، افطار کے بعد دارلحکومت کی شاہراہوں پر موٹر سائیکل، ون ویلنگ اور کار ریس پر جوا کروائے جانے کا انکشاف، سر عام جواء ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ معمول بن گیا

پیر 21 مئی 2018 20:59

ہر روز افطاری کے بعد اسلام آباد کی سڑکوں پر شرمناک کھیل کھیلا جانے لگا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس کی عدم توجہی یا ملی بھگت، افطار کے بعد وفاقی دارلحکومت کی شاہراہوں پر موٹر سائیکل ، ون ویلنگ اور کار ریس پر جوا کروائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے ، سیونتھ ایونیو ، جناح ایونیو اور دیگر شاہراہوں پر سر عام جواء ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ معمول بن گیا ہے۔

ذرائع نے آن لائن کو بتایا کہ موٹر سائیکل ، کار اور ون ویلنگ پر جوا کروانے والی بااثر شخصیات کو متعلقہ پولیس اسٹیشن سمیت سینئر پولیس افسران کی مبینہ آشیر باد حاصل ہے۔ یہی وجہ ہے کہ گاڑی اور موٹر سائیکل کی غیر قانونی تیاری پر بھی کام دھرے سے جاری ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد کے جناح ایونیو پر کار ریس میں سرکاری گاڑی جی اے ای 743جو کہ ممبر قومی اسمبلی حاجی نذیر کے نام پر رجسٹرڈ ہے بُری طرح حادثے کا شکار ہو کر جل کر راکھ ہوگئی جبکہ کار سوار عتیق نامی نوجوان معمولی زخمی ہوا جس کو بعد ازاں پولیس نے رہا کردیا ۔

(جاری ہے)



دوسری جانب تھانہ آبپارہ ، آئی نائن ، کورال اور کھنہ کے علاقے میں کار اور موٹر سائیکل ریس پر جوا معمول بن چکا ہے  جس سے آئے روز قیمتی جانوں کے ضیاء کے ساتھ ساتھ شہریوں میں بھی خوف و ہراس پایا جانے لگا ہے جو کہ پولیس افسران کی کارکردگی اور فرض شناسی کے حوالے سے انکے بلند و بانگ دعووں پر سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے ایس ایس پی ٹریفک فرخ رشید سے متعدد بار رابطے کی کوشش کی گئی تاہم رابطہ قائم نہیں ہوسکا ۔