سوات موٹر وے پسماندہ شمالی علاقوں میں ترقی وخوشحالی کے دروازے کھولنے کا باعث بنے گی،سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی

میگاپراجیکٹ کی لاگت 40ارب روپے ہے جس سی20لاکھ لوگوں کو روزگارملے گا ،اسد قیصر کا تقریب سے خطاب

پیر 21 مئی 2018 20:16

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سوات موٹر وے پسماندہ شمالی علاقوں میں ترقی وخوشحالی کے دروازے کھولنے کا باعث بنے گی ،سوات موٹروے خیبرپختونخوا نے اپنے وسائل سے تعمیر کی ہے جس کی کل لمبائی 81کلومیٹر پر محیط ہے ۔ وہ کرنل شیر خان انٹر چینج پروزیر اعلیٰ پرویز خٹک کے ہمراہ سوات موٹر وے کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویزخٹک نے بھی خطاب کیا ۔سپیکر نے کہا کہ کرنل شیر خان انٹرچینج سے کاٹلنگ انٹر چینج تک سوات موٹروے کو ٹریفک کیلئے کھولنے سے صوبے کے شمالی علاقے صوبے اور ملک کے ساتھ منسلک ہوجائیں گے جس کے باعث عوام کو بہترین سفری سہولیات میسرہو ں گی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ مذکورہ روڈ سے پسماندہ علاقوں پر ترقی کے دروازے کھل جائیں گے اور ان علاقوں میں خوشحالی آئے گی ۔

سپیکر نے کہا کہ مذکورہ میگاپراجیکٹ پر تخمینہ لاگت 40ارب روپے ہے ۔سپیکرنے کہا کہ مذکورہ پراجیکٹ کی تکمیل سے شمالی علاقوں میں سیاحت کی صنعت کو فروغ ملے گا جس کے باعث صوبہ کی آمدن میں بھی اضافہ ہوگا اور عوام کیلئے روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے ۔انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک بڑے صنعتی ذون کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اس منصوبے کے باعث تقریباً20لاکھ روزگارکے مواقع پیدا ہوں گے ۔جس کے باعث صوبہ میں پائی جانے والی بے روزگاری پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔