کے پی فوڈ اتھارٹی کا رمضان کریک ڈاون ،تین مذبح خانوں کی جانچ ، سات بیکریاں سیل ، سوات میں 700کلو گرام مصنوعی شہد تلف

پیر 21 مئی 2018 18:46

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کے اہلکاروں نے صبح سویرے کارروائی کرتے ہوئے پشاور کے تین مذبح خانوں کی جانچ کی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر اسد علی کا کہنا تھا کہ نجی مذبح خانوں میں کوئی ڈاکٹر موجود نہیں تھا جبکہ ایک بچہ خود سے ذبح شدہ جانوروں پر سٹیمپ لگا رہا تھا۔ تینوں مذبح خانوں کو وارننگ نوٹسز جاری کر دیئے گئے۔

دوسری جانب پشاور ٹیم نے کوہاٹ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے تین بیکریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر تالے لگا دیئے ۔ اسی طرح مردان میں ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کی سربراہی میں کے پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے مردان کے مخلتف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے چار بیکریوں کو سیل کر دیا۔

(جاری ہے)

ڈپٹی ڈائریکٹر ذیشان محسود کا کہنا ہے کہ مردان کے معروف کالج چوک میں مرحبا اور شیش محل جیسی بیکریوں کو بھی صفائی کی ابتر صورت حال اور خیبرپختونخواہ فوڈ سیفٹی ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر سربمہر کر دیا گیا ۔

ادھرسوات میں کی پی فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نیناکہ بندی کی دوران مختلف گاڑیوں کی چیکنگ سے 700کلوگرام مصنوعی شہد جو کہ حسن ابدال سے سوات لایا جا رہا تھا قبضہ میں لے کر تلف کر دیا ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوات اسد قاسم کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم سوات داخل ہونے والی گاڑیوں میں اشیاء خورد و نوش کی چیککنگ کر رہی تھی کہ ٹیم نے شہد سے بھری گاڑی کو روکا اور چیک کرنیپر مصنوعی شہد برآمد کر لیا۔ ان کا مذید کہنا تھا کہ مصنوعی شہد کی روزگار سے وابستہ تینوں افراد کو حوالہ پولیس کر دیاگیا ہے جبکہ قبضہ میں لیئے گئے شہد کو ضائع کر دیا گیا۔