افغان طالبان کا سالانہ موسم بہار آپریشن کا اعلان

کابل کے شہری فوجی مراکز سے دور رہیں، طالبان انتباہ

پیر 21 مئی 2018 18:38

کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2018ء) افغان طالبان نے سالانہ موسم بہار آپریشن کا اعلان کرتے ہوئے پیر کو کابل کے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سخت قلعہ بند شہر کے فوجی مراکز سے دور رہیں،انہوں نے کہا ہے کہ وہ دارالحکومت میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں،جہاں شہری طویل عرصے سے ہلاکتوں کا بوجھ اٹھائے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

شدت پسند گروپ اس سے پہلے بھی اس قسم کی انتباہ جاری کر چکے ہیں جس میں گزشتہ ہفتے مغربی شہر فراہ کا کنٹرول حاصل کرنے کی ناکام کوشش کے دوران دی جانے والی وارننگ بھی شامل ہے،لیکن خیال کیا جارہا ہے کہ انہوں نے پہلی مرتبہ کابل کو نشانے پر رکھا ہے۔

یہ انتباہ اقوام متحدہ کے اس بیان کے بعد سامنے آئی ہے کہ جنگ زدہ دارالحکومت جہاں دولت اسلامیہ گروپ بھی اپنے حملوں میں اضافہ کر رہاہے،شہریوں کیلئے ملک کا خطرناک ترین مقام ہے۔ طالبان نے کہا ہے کہ وہ سالانہ موسم بہار آپریشن میں دشمن کے فوجی اور انٹیلی جنس مراکز پر مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔