4.9 ارب ڈالرز منی لانڈرنگ کا الزام، نیب نے تمام دباو مسترد کرتے ہوئے نواز شریف کیخلاف خاموشی سے بڑا ایکشن لے لیا

بھارت رقم منتقلی کا معاملہ:نیب کانوازشریف کیخلاف تحقیقات کاحکم ، نوازشریف پرمنی لانڈرنگ کے ذریعے4.9 ارب ڈالر منتقلی کا الزام ہے،چیئرمین نیب نے کیس ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کے سپرد کردیا ۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 مئی 2018 17:51

4.9 ارب ڈالرز منی لانڈرنگ کا الزام، نیب نے تمام دباو مسترد کرتے ہوئے ..
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21مئی 2018ء) : چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی بھارت منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، نوازشریف کی منی لانڈرنگ کا کیس ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کے سپرد کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ر جاوید اقبال نے بالآخر سابق وزیراعظم نواز شریف کیخلاف بھارت منی لانڈرنگ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

چیئرمین نیب نے ڈی جی نیب عرفان منگی کو ہدایت کی ہے کہ کیس کی صاف شفاف تحقیقات کی جائیں۔اگر بھارت کیخلاف منی لانڈرنگ کے شواہد ملنے پر کیس آگے بڑھایا جائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ شواہد اکٹھے کرنے کیلئے اسٹیٹ بینک اور دیگرمتعلقہ اداروں سے رابطے بھی کیے جائیں۔واضح رہے چیئرمین نیب جسٹس ر جاویداقبال پرالزام ہے کہ انہو ں نے بلاوجہ ایک اخباری رپورٹ پرایکشن لیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف پر چار ارب پانچ کروڑ ڈالر بھارت بھیجنے کا الزام عائد کردیا ۔

(جاری ہے)

نیب نے اپنی پریس ریلز میں یہ بھی کہا کہ نوازشریف کے بھارت رقم بھیجنے سے بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ جبکہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی واقع ہوئی ہے۔دوسری جانب ملک دشمن بھارت کے ساتھ روابط بڑھانے اور ان کی کرنسی کو مضبوط کرنے پر مسلم لیگ ن کیخلاف شدید عوامی ردعمل کا سامنا بھی کرنا پڑا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ چیئرمین نیب کو طلب کرکے تحقیقات کی جائیں۔

کیونکہ چیئرمین نیب کے بے بنیاد الزام سے پاکستان کی دنیا میں جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کے مطالبے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے بھی چیئرمین نیب کو 22 مئی کو طلب کررکھا ہے۔اسی طرح مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف نے چیئرمین نیب کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے ان سے 24 گھنٹے میں شواہد پیش کرنے یا پھر اگر شواہد پیش نہ کیے گئے تومعافی مانگ کر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

گزشتہ دنوں نوازشریف نے بونیر میں عوامی جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کو ایسے نہیں چھوڑیں گے نوازشریف نے چیئرمین نیب کے الزام پرکمیشن بنانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔ تاہم قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں پیشی سے قبل ہی چیئرمین نیب نے نوازشریف کیخلاف منی لانڈرنگ کا کیس لگا دیا ہے۔ جبکہ چیئرمین نیب کے الزام کے فوری بعد اسٹیٹ بینک اور دیگر اداروں نے اس بات کی وضاحت بھی کی تھی کہ نوازشریف نے بھارت غیرقانونی طور پررقم منتقل نہیں کی ہے۔