فرض شناس ، قابل افسران و اہلکاروں کی ان تھک محنت ، قابلیت اور پروفیشنلزم پوری فورس کیلئے روشن مثال ہے‘عارف نواز

آئی جی پنجاب کا سنٹرل پولیس آفس میں امجد جاوید سلیمی کے اعزاز میں الوداعی تقریب سے خطاب ،خدمات پر خراج تحسین پیش کیا

پیر 21 مئی 2018 17:40

فرض شناس ، قابل افسران و اہلکاروں کی ان تھک محنت ، قابلیت اور پروفیشنلزم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ فرض شناس ، قابل اور ایماندار افسران و اہلکار محکمے کا فخر ہیں جن کی ان تھک محنت ، قابلیت اور پروفیشنلزم پوری فورس کیلئے روشن مثال ہے۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں امجد جاوید سلیمی کے اعزاز میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈآئی، اعجاز حسین شاہ ،ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اظہر حمید کھوکھر ، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ طارق مسعود یٰسین ، ایڈیشنل آئی جی ویلفئیر اینڈ فنانس ،محمد طاہر ،ایڈیشنل آئی جی لاجسٹکس اینڈ پروکیورمنٹ ،بی اے ناصر، ایڈیشنل آئی جی انویسٹی گیشن پنجاب، ابو بکر خدابخش، ڈی آئی جی ٹریفک ، فاروق مظہر، ڈی آئی جی، آئی ٹی، شارق کمال صدیقی ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون، سید خرم علی ، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ٹو،بابر بخت قریشی ، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن وقاص نذیر، ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر، شہزادہ سلطان ، ڈی آئی جی ویلفیئر اینڈ فنانس احمد اسحاق جہانگیر، ڈی آئی جی لیگل عبد الرب چوہدری اورڈی آئی جی آپریشنز سجاد حسن خان منج سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے کہاکہ ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی پنجاب امجد جاوید سلیمی ان افسران میں شامل ہیں جنہوں نے دوران سروس ہمیشہ عوامی خدمت اور میرٹ سسٹم کی پاسداری کو شعار بنائے رکھا اورملنے والی ہرذمہ داری کو بہترین انداز میں سر انجام دے کر محکمے کی عزت و وقار میں اضافے کا باعث بنے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امجد جاوید سلیمی نے بطور ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی بہترین لیڈرشپ سے پٹرولنگ پولیس کو جدید خطوط پر استوار کردیا اور اب ان کا فیلڈ ڈیوٹی کا وسیع تجربہ موٹر وے پولیس کی کارکردگی میں مزید اضافے کا باعث بنے گا۔

۔ تقریب میں موجود تمام پولیس افسران نے ایڈیشنل آئی جی پی ایچ پی امجد جاوید سلیمی کی پیشہ ورانہ خدمات کو شاندار الفاظ میں خرا ج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امجد جاوید سلیمی کا کیرئیر پولیس سروس کا حصہ بننے والے نئے افسران کیلئے قابل تقلید ہے ۔ امجد جاوید سلیمی نے فیلڈ ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ انتظامی امور میں بہترین قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

اس موقع پر امجد جاوید سلیمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پنجاب کی چار رینجز میں بطور آر پی او خدمات سر انجام دیں اور بتیس سالہ پولیس سروس کے دوران ہر ڈیوٹی کو پوری ایمانداری اور فرض شناسی کے ساتھ ادا کرنے کی کوشش کی اور اللہ پاک نے ہر مشکل وقت میں مجھے ثابت قدم رکھا ۔تقریب کے اختتام پر آئی جی پنجاب عارف نواز خان نے امجد جاوید سلیمی کوپنجاب پولیس کی جانب سے اعزازی شیلڈ سے نوازا۔ انہوں نے امجد جاوید سلیمی کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امید ہے کہ وہ بطور آئی جی موٹرواے اپنی نئی ذمہ داریاں بہترین انداز میں سر انجام دیں گے ۔

متعلقہ عنوان :