Live Updates

ن لیگ نے نگران وزیراعظم کیلئے تین نام پیش کردیے ہیں

مسلم لیگ ن کے ناموں میں جسٹس ر ناصرالملک، تصدق جیلانی اورعشرت حسین شامل،ن لیگ اور پی ٹی آئی کے دومشترکہ نام ایسے ہیں جن پراتفاق ہوسکتا ہے۔میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 مئی 2018 17:09

ن لیگ نے نگران وزیراعظم کیلئے تین نام پیش کردیے ہیں
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن نے نگران وزیراعظم کیلئے تین نام دے دیے ہیں، مسلم لیگ ن کے ناموں میں جسٹس ر ناصرالملک ، تصدق جیلانی اور عشرت حسین شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومتی جماعت مسلم لیگ ن نے آئندہ نگران سیٹ اپ کیلئے اپنے نام وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو پیش کردیے ہیں۔ ان ناموں میں جسٹس ر ناصرالملک ، تصدق جیلانی اور عشرت حسین شامل ہیں۔

ذرائع مسلم لیگ ن کا کہنا ہے کہ ہمارے تینوں نام میرٹ پرپورا اترتے ہیں۔ نگران وزیراعظم کیلئے جن ناموں کا انتخاب کیا گیا ہے یہ تینوں شخصیات نیک نامی اور اچھی شہرت کی حامل ہیں۔ ان تمام شخصیات نے اپنے عہدوں پربڑی ایمانداری کے ساتھ فرائض سرانجام دیے ہیں۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے بھی نگران وزیراعظم کیلئے جو نام اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کو پیش کیے ہیں ان ناموں میں تصدق جیلانی اور عشرت حسین کے نام شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

اس طرح مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے ناموں میں دو نام تصدق جیلانی اور عشرت حسین ایسے ہیں جن پرمسلم لیگ ن اور پی ٹی آئی میں اتفاق ہو سکتا ہے۔ جبکہ اس کے برعکس پیپلزپارٹی نے جن ناموں کو تجویز کیا ہے ان میں ذکاء اشرف ، جلیل عباس جیلانی ودیگر شامل ہیں۔ واضح رہے اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ نے کہا کہ کل وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے صبح 11بجے ملاقات ہوگی۔

جس میں نگران وزیراعظم کے نام کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورت کی جائے گی۔ اگر متفقہ نگران وزیراعظم کے نام کا اعلان کل نہ کیا جاسکا توپھر نام فائنل کرنے کیلئے مزید دن بھی لگ سکتے ہیں۔انہوں نے ایک سوال ”احسن بھون جیسا سینئر وکیل نگران وزیراعظم ہوسکتا ہے؟“ کے جواب میں کہا کہ جی ہاں احسن بھون جیسا سینئر وکیل بھی نگران وزیراعظم ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہناہے کہ نگران وزیراعظم کیلئے پیپلزپارٹی نے نام دیے ہیں۔ دیکھتے ہیں وزیراعظم پیپلزپارٹی کے نام پراتفاق کرتے ہیں یا نہیں؟انہوں نے کہاکہ جلیل عباس جیلانی کا احترام کرتے ہیں وہ بڑے منجھے ہوئے بیوروکریٹ اور سفارتکار ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ تصدق جیلا نی اور عشرت عباد کا نام پی ٹی آئی نے تجویز کیا۔ جبکہ ذکا اشرف کا نام مکمل طور پرمسترد کرتے ہیں۔نگران وزیراعظم کیلئے پیپلزپارٹی کے دونوں نام مسترد کرتے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات