ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی موجودہ استعداد دریائوں کے بہائو کا سالانہ دس فیصد اور ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے، قومی اسمبلی میں تحریری جواب

پیر 21 مئی 2018 17:24

ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی موجودہ استعداد دریائوں کے بہائو کا سالانہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں مختلف ڈیموں میں پانی ذخیرہ کرنے کی موجودہ استعداد ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے۔ پیر کو قومی اسمبلی میں شیخ روحیل اصغر کے سوال کے تحریری جواب میں ایوان کو بتایا گیا کہ ملک میں مختلف ڈیموں میں پانی کو ذخیرہ کرنے کی زیادہ سے زیادہ استعداد 14 ملین ایکڑ فٹ ہے جو پاکستان میں دریائوں کے بہائو کا سالانہ دس فیصد ہے۔

ذخیرے کی یہ استعداد ملکی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ناکافی ہے۔

(جاری ہے)

ایوان کو بتایا گیا کہ جاری سال کے دوران ارسا کی ایڈوائزری کمیٹی نے نومبر 2017ء میں ربیع کے موسم کے لئے پانی کی 36 فیصد کمی کی پیشنگوئی کی تھی۔ ایوان کو بتایا گیا کہ نئے بڑے ذخائر کی عدم تعمیر موجودہ ذخائر میں مٹی کا جمع ہونا‘ آبادی اور پانی کی طلب میں اضافہ اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پانی کی قلت کی صورتحال پیدا ہو رہی ہے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ چار اپریل 2018ء کو تین بڑے ڈیموں میں پانی کا دستیاب ذخیرہ ان کی کم ترین سطح پر رہا۔ گزشتہ پانچ سالوں میں ذخیرے کی اوسط 11421 ملین ایکڑ فٹ جبکہ گزشتہ دس سالوں کے ذخیرے کی اوسط 10580 ملین ایکڑ فٹ ہے۔