ملک میں واپڈا اور صوبائی محکمہ آبپاشی کی جانب سے دریائوں‘ چشموں اور نالوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے 26 منصوبے تیار کئے جارہے ہیں،

دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے کل مطلوبہ 37419 ایکڑ اراضی میں سے 31695 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی ہے، منصوبہ 2025-26ء میں مکمل ہوگا قومی اسمبلی میں قومی اسمبلی میں وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ کی جانب سے تحریری جواب

پیر 21 مئی 2018 17:24

ملک میں واپڈا اور صوبائی محکمہ آبپاشی کی جانب سے دریائوں‘ چشموں اور ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک میں واپڈا اور صوبائی محکمہ آبپاشی کی جانب سے دریائوں‘ چشموں اور نالوں کے پانی کو محفوظ کرنے کے لئے 26 منصوبے تیار کئے جارہے ہیں، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے کل مطلوبہ 37419 ایکڑ اراضی میں سے اب تک 31695 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی ہے، منصوبہ 2025-26ء میں مکمل ہوگا۔

پیر کو قومی اسمبلی میں وزیر برائے آبی وسائل سید جاوید علی شاہ کی جانب سے صاحبزادہ محمد یعقوب کے سوال کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ اس وقت 26 منصوبے تیار کئے جارہے ہیں۔ شمالی وزیرستان میں کرم تنگی ڈیم پراجیکٹ کا پہلا مرحلہ اپریل2019 میں مکمل ہو جائے گا۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 22 اپریل 2016ء کو اس منصوبے کے پی سی ون کی منظوری دی تھی اور اب تک اس منصوبے پر 19.12 فیصد عملی پیش رفت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے علاقے دادو میں نئی گاج ڈیم کی تعمیر آئندہ سال دسمبر میں مکمل ہوگی۔ اس منصوبے کے تحت 0.160 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ منصوبے پر 50.95 فیصد عملی پیشرفت ہو چکی ہے۔ چلاس کے قریب دریائے سندھ پر دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر پر پیشرفت جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت 6.40 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔ منصوبہ 2025-26ء میں مکمل ہوگا۔

ایوان کو بتایا گیا ہے کہ منصوبے کے لئے کل مطلوبہ 37419 ایکڑ اراضی میں سے اب تک 31695 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔ طور ویلی میں پراجیکٹ کالونی‘ ہرپن داس کے مقام پر ماڈل ویلج اور دریا کنارے پر رابطہ سڑکوں کی تعمیر پر پیشرفت جاری ہے۔ چکوال اور راولپنڈی میں بالترتیب دو ڈیموں کی تعمیر پر پیشرفت ہو رہی ہے۔ چکوال ڈیم میں 0.026 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی اور اس کی تعمیر جون 2020ء میں مکمل ہوگی۔ کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سات فروری 2018ء کو راولپنڈی میں پاپن ڈیم راوت ٹائون کی تعمیر کی منظوری دی تھی۔ اس منصوبے کے تحت 0.032 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہوگی۔