Live Updates

وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا

پیر 21 مئی 2018 17:22

وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کردیا
صوابی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویزخٹک نے اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے پاکستان نیشنل ہیومن ڈویلپمنٹ 2017 کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے اس رپورٹ کو پڑھ لیا جائے کیونکہ یہ رپورٹ 2005 سے 2013 تک کی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرنل شیر انٹرچینج صوابی کے مقام پر سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اور سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسدقیصر نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کے منصوبے کیلئے صوبائی حکومت نے 11 ارب روپے دئیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ کہتے ہیں تحریک انصاف کی حکومت نے اس صوبے اور عوام کیلئے کیا کیا، گزشتہ 65 سال میں اس صوبے میں کونسا میگا پراجیکٹ بنایا گیا ،اگر کوئی ہماری کارکردگی سے مطمئن نہیں تومجھے اس کی پروا نہیں،دو ماہ بعد الیکشن ہے سب کو پتہ چل جائے گا کہ تحریک انصاف نے کیا کیا ہے ، پرویزخٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بی آر ٹی منصوبہ دُنیا کا تیز ترین منصوبہ ہے ، اب شور ایسا کیا جارہا ہے جیسے منصوبے میں سال لگ گئے ہوں ، منصوبے میں ڈیزائن کی تبدیلی اور بارش کی وجہ سے تاخیر ہوئی ہے اور یہ تبدیلی ورلڈ بنک نے کی ہے ہم نے نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم نے صوبے کے اداروں کو ٹھیک کیا ہے، سیاستدانوں کیلئے دُعا کرتاہوں کہ اللہ ان کے خیالات بدل دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت آنے سے پہلے صحت ،تعلیم سمیت تمام ادارے تباہ حال تھے ،سرکاری سکولوں میں پانی ،بجلی اور اساتذہ نہیں تھے ،سکولوں کی کارکردگی خراب تھی ،اور اسی طرح ہسپتالوں میں ڈاکٹرز ،سٹاف اور میڈیسن میسر نہیں تھی ،ہم نے اقتدار میں آکر سکولوں میں پانی ،بجلی اور اساتذہ کی کمی دور کرنے کے علاوہ ہسپتالوں میں ڈاکٹرز بھرتی کئے ،اسی طرح غریب عوام کو مفت علاج و معالجے کیلئے صحت انصاف کارڈ کا اجراء کیا ، ہم نے ایک ایجنڈے کے مطابق تمام اداروں کا نظام درست کرکے میرٹ کی بالادستی قائم کی ، انہوں نے کہا کہ ترقی کے اعتبار سے خیبر پختونخوا تمام صوبوں سے آگے ہے ، ہماری حکومت نے پانچ سالوں کے دوران جو ریکارڈ ترقیاتی کام کئے ہیں وہ 65 سالوں میں کسی حکومت نے نہیں کئے ، انہوں نے کہا کہ سوات ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کے تحت کرنل شیر انٹرچینج سے کاٹلنگ تک روڈ مکمل ہوچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں چکدرہ تک روڈ کی تعمیر جلد از جلد مکمل ہوجائے گی جس کا افتتاح ستمبر 2018 میں کیا جائے گا ،سوات ایکسپریس وے کی طوالت 81 کلومیٹر ، چوڑائی 80 میٹر اور دو کلومیٹر طویل سرنگیں بھی شامل ہیں ،دوبیان ،اسماعیلہ ،کاٹلنگ ،پلئی ،بٹ خیلہ اور چکدرہ کے مقام پر انٹرچینجز ہونگے ،انہوں نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے حکام کا بھرپور شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سیاحتی مقامات تک آسان رسائی سے زرمبادلہ کا حصول بھی ممکن ہوجائے گا اور اسی طرح چالیس دُشوار گزار علاقوں کی مارکیٹ تک رسائی آسان ہوجائے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات