نواز شریف نے پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت اور خلوص اپنے عملی کردار سے ثابت کیا ہے،وفاقی وزیر چوہدری محمد برجیس طاہر

پیر 21 مئی 2018 17:06

نواز شریف نے پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت اور خلوص اپنے عملی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ دور حاضر میں پاکستان میں کوئی بھی سیاسی رہنما محمد نواز شریف سے بڑھ کر زیادہ محب وطن اور پاکستان سے خلوص رکھنے والا نہیںہے۔ پیر کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان اور پاکستان کے عوام سے محبت اور خلوص محض دعوئوں سے ثابت نہیں کیا بلکہ اپنے عملی کردار سے بھی یہ ثابت کیا کہ ان سے زیادہ کوئی بھی ملک سے زیادہ مخلص نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ماضی پر نظر ڈالی جائے تو اس امر کی وضاحت ہو جاتی ہے کہ دفاع ہو یا قومی سلامتی، معیشت ہو یا پھر کوئی قومی یکجہتی ہر میدان میں نواز شریف کی ملک سے متعلق خدمات واضح طور پر نظر آتی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 1990ء کی دہائی میں نواز شریف نے سب سے پہلے معاشی اعتبار سے خود کفیل کرنے کیلئے پاکستان کو وسطی ایشیائی کے ممالک سے ملانے کیلئے موٹرویزے کا عظیم الشان منصوبہ شروع کیا۔

اسی طرح پاکستان کو دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر بنانے کیلئے ایٹمی دھماکے کئے۔ انہوں نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بن چکا ہے۔ انہوںنے کہا کہ قومی یکجہتی کے حوالہ سے بھی نواز شریف کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، صوبوں کے مابین ارسا ایکارڈ کا بھی سہرا بھی نواز شریف کے سر جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کی صورت میں خنجراب تا گوادر موٹروے ایک طرف پاکستان کو معاشی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانے جا رہا ہے تو دوسری طرف یہ منصوبہ پاکستان کو قومی یکجہتی کے حوالہ سے ایک خوبصورت لڑی میں پرو دے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے ذریعے پاکستان کی تمام اکائیاں ایک دوسرے کے قریب سے قریب تر آ رہی ہیں جس سے پورا پاکستان قومی یکجہتی کی عظیم مثال بننے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دیگر مخالفین سی پیک کی پاکستان کیلئے معاشی افادیت کے علاوہ پاکستان کیلئے قومی یکجہتی کے حوالہ سے افادیت سے خائف ہو چکے ہیں اور اس کو ناکام کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ تمام سازشوں کے باوجود پچھلے پانچ سالوں میں 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کے منصوبے، ہزاروں کلومیٹر طویل موٹرویز کا نیٹ ورک نواز شریف کی پاکستان سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 20 کروڑ عوام نوازشریف اور مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں اور یہی 20 کروڑ عوام نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کی ملک سے محب الوطنی کا ثبوت پیش آمدہ انتخابات میں اپنے ووٹ کی پرچی کی صورت میں دیں گے اور مسلم لیگ (ن) کو کامیاب کرا کے ترقی و خوشحالی کا سفر آگے بڑھائیں گے۔