اسلام آباد ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں ناجائز منافع خوروں کی آلہ کار بن گئیں

ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش بالخصوص پھلوں اور سبزیوں کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ، تاجروں نے من مانے نرخنامے جاری کر دیئے اور اس پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران 5 لاکھ روپے جرمانے کی تفصیلات جاری کرنے کا کہہ کر بھی کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی

پیر 21 مئی 2018 17:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کی پرائس کنٹرول کمیٹیاں ناجائز منافع خوروں کی آلہ کار بن گئیں۔ ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش بالخصوص پھلوں اور سبزیوں کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی کے دعوے کے برعکس تاجروں کے من مانے نرخنامے جاری کر دیئے اور اس پر بھی عملدرآمد نہ ہو سکا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تجارتی مراکز میں ’’اے پی پی‘‘ کی طرف سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کے حوالہ سے کئے گئے ایک سروے کے مطابق پشاور موڑ، کراچی کمپنی، آبپارہ مارکیٹ،ستارہ مارکیٹ، سپر اور جناح سپر مارکیٹ کے علاوہ چھوٹی بڑی محلہ مارکیٹوں میں پھلوں اور سبزیوں کے من مانے اور علیحدہ علیحدہ نرخ مقرر ہیں۔

(جاری ہے)

ضلعی انتظامیہ یا سی ڈی اے کی طرف سے شہریوں کو اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کیلئے جی سکس ہفتہ وار بازار میں لگائے جانے والا سستا بازار بھی نہیں لگایا گیا تاکہ مارکیٹ کے تاجروں کو ناجائز منافع خوری کی کھلی چھٹی دی جا سکے۔

سبزی اور پھلوں کی دکانوں، ریڑھی بانوں کی اکثریت کے پاس ضلعی انتظامیہ کی مرضی کی تیار کردہ ریٹ لسٹ بھی موجود نہیں اور جہاں موجود بھی ہے وہاں اول اور دوئم کے نام پر شہریوں کو لوٹا جا رہا ہے۔ روزہ دار ماہ صیام میں ناجائز منافع خوروں کی چیرہ دستیوں سے عاجز آ چکے ہیں اور انہوں نے چیف کمشنر سے اپیل کی ہے کہ خصوصی نرخناموں کی بجائے ماہ رمضان المبارک سے 15 روز پہلے کے اتوار بازاروں کے نرخنامے ہی جاری کر دیئے جاتے تو شاید عوام کو ریلیف ملتا لیکن 15 روز پہلے جو اشیاء خوردونوش کی قیمتیں تھیں اس میں اضافہ کرکے نئی ریٹ لسٹ جاری کی گئی جو سراسر ناجائز منافع خوری کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔

جب اس حوالہ سے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کیپٹن (ر) مشتاق احمد سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایاکہ ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی کنٹرول ریٹس پر فراہمی کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی نگرانی میں ٹیمیں تشکیل دے رکھی ہیں اور گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف مارکیٹوں میں ناقص اشیاء فروخت کرنے پر گزشتہ روز 5 لاکھ روپے جرمانے کئے گئے جس کی تفصیلات جاری کرنے کا کہہ کر بھی کوئی تفصیل جاری نہیں کی۔

ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے گراں فروشوں کے خلاف کریک ڈاون کیا۔ ضلعی انتظامیہ اسلام آباد نے ماہ رمضان المبارک میں اشیاء خوردونوش کی مقررہ داموں فروخت اور قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لئے بھرپور انتظامات کئے ہیں ۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کی چیکنگ کیلئے انتظامیہ کی 20پرائس چیکنگ ٹیموں نے اسسٹنٹ کمشنرز اور مجسٹریٹس کی نگرانی میں گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران مختلف مارکیٹوں میں 80دکانوں کی چیکنگ کی اور ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے اور ناقص اشیاء فروخت کرنے پر 26گراں فروشوں کے خلاف کارروائی کی اور 22کو ایک لاکھ 19ہزار آٹھ سو روپے جرمانہ کیاہے۔

7گراں فروشوں کو مہنگے داموں ناقص اشیاء فروخت کرنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ضلعی انتظامیہ نے ماہ رمضان المبارک کیلئے اشیاء خوردونوش کی جو ریٹ لسٹ جاری کی ہیں دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ جو بھی اس کی خلاف ورزی کرے گا اس کے خلاف سخت کارروائی عمل لائی جائے گی۔ پرائس چیکنگ کیلئے مجسٹریٹس پر مشتمل پرائس چیکنگ ٹیموں کو فعال کر دیا ہے اور اشیاء خوردونوش کی چیکنگ شروع کر دی ہے۔

پرائس چیکنگ ٹیمیں ماہ رمضان المبارک میں روزانہ پرائس چیکنگ کریں گی اور گرانفروشی کے خلاف موقع پر کارروائی ہو گی۔ اسلام آباد مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے سبزی فروٹ کے روزانہ کی بنیاد پر ریٹ مقرر کئے جا ر ہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے جن چند اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں معمولی کمی کی اس پر بھی عمل نہیں کیا جا رہا۔ اس ریٹ لسٹ کے مطابق آٹا 20 کلو تھیلہ 720 روپے، دال چنا فی کلو 105 روپے فی کلو، دال مونگ موٹی 105 روپے فی کلو، چاول کائنات 145 روپے فی کلو، چاول سیلہ 148 روپے فی کلو، دال مونگ باریک 90 روپے فی کلو، دال مسور موٹی 85 روپے فی کلو، دال مسور باریک 72روپے فی کلو، دال ماش کرم 110 روپے فی کلو، بیسن 120روپے فی کلو، چاول سپر کرنال 122 روپے فی کلو، چاول سپر کرنل 110 روپے فی کلو ، چاول ٹوٹا 75روپے فی کلو، چاول اری 50 روپے فی کلور مقرر کر دی گئی ہے۔

سموسہ ایک درجن 156روپے ، پکوڑا 180روپے فی کلو، جلیبی 180روپے فی کلو، دودھ 90 روپے فی کلو، دہی ایک سو روپے فی کلو، شہر میں مٹن 800 روپے فی کلو، بیف ہڈی والا 330 روپے فی کلو، بیف بغیر ہڈی 450 روپے فی کلو جبکہ دیہی علاقوں میں مٹن 760روپے، بیف ہڈی والا 310 روپے فی کلو اور بیف بغیر ہڈی 430 روپے فی کلو ریٹ مقرر کئے گئے تھے۔