دہشت گردوں کی کمر توڑ دی،

ہر شہری کو امن اور ہم آہنگی کی فضاء دینا ہمارا فرض ہے‘ احسن اقبال

پیر 21 مئی 2018 17:00

دہشت گردوں کی کمر توڑ دی،
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 مئی2018ء) وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا کہ ہر شہری کو امن اور ہم آہنگی کی فضاء دینا ہمارا فرض ہے‘ آج ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے‘ پاکستان کامیابی کی داستان رقم کرنے کے لئے تخلیق ہوا‘ ہمیں اپنے مسائل کا مفتوح نہیں بلکہ فاتح ہونا ہے۔

(جاری ہے)

پیر کو ایئریونیورسٹی میں سائبر سکیورٹی قومی مرکز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ قومی مرکز ایئریونیورسٹی اسلام آباد میں قائم کیا گیا ہے ہر شہری کو امن اور ہم آہنگی کی فضا دینا ہمارا فرض ہے۔

جب حکومت آئی تو ہر جگہ دہشت گردی ہورہی تھی ہم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم کیا۔ آج ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔ پاکستان کامیابی کی داستان رقم کرنے کے لئے تخلیق ہوا پاکستان دنیا کو اپنی صلاحیتیں دکھانے کے لئے تخلیق ہوا۔ ستر سال سے ہم اپنے اہداف حاصل نہیں کرسکے ہمیں اپنے مسائل کا مفتوح نہیں بلکہ فاتح ہونا ہے۔ دنیا کی ہر قوم کو چیلنجز کا سامنا رہتا ہے۔ چیلنجز کا ڈٹ کر مقابلہ کرنے والے کامیاب رہتے ہیں۔