ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بوئی مکڑیال کا گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول خستہ حالی کا شکار

پیر 21 مئی 2018 15:36

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بوئی مکڑیال کا گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول خستہ حالی کا شکار ہے، عمارت اور فرنیچر سے محروم طالبات کی ٹینٹ میں سکول کی کلاسیں شروع ہیں، پینے کا پانی اور باتھ روم کی سہولیات تک میسر نہیں، سکول 2005 کے زلزلہ میں تباہ ہوا تاحال تعمیر نہیں ہو سکا۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد کے نواحی علاقہ بوئی کے عمائدین نے اس حوالہ سے صحافیوں کو بتایا کہ سرکاری گرلز پرائمری سکول خستہ حالی کا شکار ہے،2005ء کے زلزلہ میں سکول تباہ ہوا جس کو دوبارہ بحال نہیں کیا جا سکا ہے ، سکول کے اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت سکول کو ایک ٹینٹ میں منتقل کر رکھا ہے، سکول میں فرنیچر سمیت باتھ روم اور پانی کی سہولیات تک میسر نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بارش ہو یا تپتی دھوپ بچیوں کو ٹینٹ سکول میں ہی تعلیم دی جاتی ہے، سہولیات کے فقدان اور سکول کی عدم تعمیر کی وجہ سے بچیوں کا مستقبل تاریک ہو رہا ہے، تعلیمی ایمر جنسی کا دعویٰ کرنے والی پی ٹی آئی حکومت پانچ سال میں بھی سکول کی تعمیر مکمل نہیں کر سکی ہے۔ عمائدین کا کہنا ہے کہ سکول کی عدم تعمیر سہولیات کے فقدان پر اساتذہ سراپا احتجاج ہیں، سکول کی بچیوں نے بھی سکول کی تعمیر اور سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔