عبدالرزاق عباسی متحدہ مجلس عمل کے ضلع ایبٹ آباد کے صدر اور مولانا شکیل جدون جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے

پیر 21 مئی 2018 15:36

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) عبدالرزاق عباسی متحدہ مجلس عمل کے ضلع ایبٹ آباد کے صدر اور مولانا شکیل جدون جنرل سیکرٹری منتخب ہو گئے۔ متحدہ مجلس عمل ضلع ایبٹ آباد کا خصوصی اجلاس المرکز اسلامی میں منعقد ہوا جس میں مفتی کفایت الله سمیت جمعیت علماء اسلام اور ایم ایم اے کی دیگر جماعتوں کے ذمہ داران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ایم ایم اے ضلع ایبٹ آباد کے ذمہ داران کا انتخاب عمل میں لایا گیا جس میں عبدالرزاق عباسی صدر منتخب ہوئے۔ مولانا سید عارف شاہ گیلانی، مفتی زین العابدین، مولانا محمد صدیق، نذیر خان جدون نائب صدر اور مولانا شکیل جدون سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی جنرل سیکرٹری سرار محمد سرور، حاجی شیر احمد، سید کاشف اور سید زید حسین شاہ منتخب ہوئے جبکہ سیکرٹری اطلاعات کی نسست پر مفتی انیس الرحمن اور سیکرٹری مالیات گلفراز احمد مغل کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

نومنتخب صدر ایم ایم اے عبدالرزاق عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم الله تعالیٰ سے دعا کرتے ہیں کہ جو بھی ذمہ داریاں ملی ہیں انہیں احسن طریقہ سے نبھانے کی کوشش کریں گے، کامیابی اس صورت میں ہو گی کہ ہم تمام تر ذمہ داریوں کو ایک پلیٹ فارم ایم ایم اے پر مل کر آگے بڑھائیں اور اخلاص سے کام کریں۔