شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مارکلے سے شادی

شادی کی تقریب میں شہزادہ ولیم کے ساتھ خالی نشست کس کی تھی؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 14:53

شہزادہ ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مارکلے سے شادی
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : شہزادہ ہیری اور امریکی اداکاری میگھن مارکلے کی شادی 19 مئی بروز ہفتے کو ہوئی جس میں دونوں نے ایک دوسرے کے ساتھ رہنے کا عہد کیا۔ شادی کی تقریب معروف اور تاریخی ونڈسر کاسل میں منعقد کی گئی جس میں 600 افراد نے شرکت کی ۔شاہی شادی کی اس تقریب کو دنیا بھر کے ٹی وی چینلز نے براہ راست دکھایا۔ ونڈ سر کاسل جہاں مہمانوں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا وہیں شہزادہ ولیم کے ساتھ ایک کُرسی خالی دکھائی دی، شاہی شادی کی اس تقریب میں شہزادہ ولیم کے ساتھ موجود ایک خالی نشست نے سب کی توجہ حاصل کر لی۔

اور سب کے ذہن میں یہی سوال اُبھرا کہ آخر یہ خالی نشست کس کی تھی۔ شاہی خاندان کے قریبی لوگوں اور کچھ رپورٹرز کا کہنا ہےکہ یہ نشست شہزادہ ہیری کی والدہ شہزادی ڈیانا سپنسر کے احترام میں خالی چھوڑی گئی تھی۔

(جاری ہے)

شادی کی تقریب میں شہزادہ ہیری کو آبدیدہ ہوتے اور آنسو بہاتے ہوئے بھی دیکھا گیا، شہزادہ ہیری یقینی طور پر اپنی والدہ کو یاد کرتے ہوئے آبدیدہ ہو رہے تھے اور ایسے میں اپنے بھائی کے ساتھ اپنی مرحومہ والدہ کے احترام میں ایک نشست خالی چھوڑنا یقیناً قابل تعریف ہے جس نے سوشل میڈیا صارفین کی آنکھوں کو بھی نم کر دیا۔

اس تصویر کو سوشل میڈیا پر ہزاروں مرتبہ شئیر کرکے شہزادہ ہیری کی اپنی والدہ شہزادی ڈیانا سپنسر کے لیے محبت اور احترام کو خوب سراہا گیا۔ شہزادہ ہیری نے شادی کی تقریب میں میگھن مارکلے کے لیے پھولوں کا گلدستہ بھی تیار کروایا جس میں انہوں نے اپنی والدہ شہزادی ڈیانا کے پسندیدہ پھول بھی شامل کیے۔ کچھ رپورٹس کے مطابق شہزادہ ہیری نے اپنی والدہ کی جیولری کلیکشن میں سے ہیرے کی انگوٹھی بھی میگھن مارکلے کو تحفے میں دی۔

سوشل میڈیا پر یہ شاہی شادی ٹاپ ٹرینڈ رہی ۔ سوشل میڈیا صارفین نے طلاق یافتہ ، ذات سے باہر ، اور ایک اداکارہ سے شادی کرنے پر شہزادہ ہیری کو خوب سراہا۔ بالخصوص پاکستان میں اس شادی کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے رشتہ کروانے والی خواتین سمیت دیگر خواتین کو بھی ایک سبق دیا گیا کہ شہزادہ ہیری نے شاہی خاندان سے تعلق ہونے کے باوجود ایک طلاق یافتہ اور عمر میں بڑی خاتون سے شادی کی ،کیونکہ طلاق یافتہ ہونا میگھن مارکلے کی غلطی نہیں ہے، ہیری نے میگھن کی سیرت سے پیار کیا اور انہیں اپنی شہزادی بنا لیا جو کہ قابل ستائش ہے۔

سوشل میڈیا پر ان کی شادی کی خوب دھوم مچی اور لوگوں نے اس نئے جوڑے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ سوشل میڈیا پر اس شاہی شادی کی دھوم دیکھ کر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے ) نے نوبیاہتا جوڑے کو پاکستان آنے کی پیشکش کر دی۔ پی آئی اے نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شہزادی ڈیانا کی ایک تصویر پوسٹ کی ، یہ تصویر شہزادی ڈیانا کے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دورے پر لی گئی تھی۔

پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے اپنے پیغام میں تصویر کے ساتھ لکھا کہ ہم نے شہزادے ہیری اور میگھن مارکلےکی شاہی شادی دیکھی، اور ہمیں شہزادی ڈیانا کا پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ یاد آگیا۔ ہم نے سوچا کہ کتنا اچھا ہو کہ اگر نو بیاہتا شاہی جوڑا بھی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرے۔ اپنے پیغام میں پی آئی اے نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکلے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تیار ہیں، اب بس آپ کو وقت بتانا ہے۔