ڈی سی سرگودھا سے ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، اپنے مسائل و تحفظات بارے آگاہ کیا

پیر 21 مئی 2018 14:10

سرگودھا۔21 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) ڈپٹی کمشنر لیاقت علی چٹھہ سے ینگ ڈاکٹر ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کے دفترمیں ملاقات کر تے ہوئے اپنے مسائل و تحفظات بارے آگاہ کرتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات کا مطالبہ کیا ، اس موقع پر ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی او ر ایم پی اے نظام الدین سیالوی بھی موجود تھے ، ڈپٹی کمشنر نے ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن کے مسائل اور مطالبات ہمدردانہ سنتے ہوئے ان کے حل کی بھر پور یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز کا شعبہ دکھی انسانیت کی خدمت ہے ہمیں اپنی سیاست اور ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر انسانی خدمت کو مقدم رکھنا چاہئے ، انہوں نے مسائل کے حل کیلئے باہمی مشاورت اور دیگر سٹیک ہولڈرز کو اعتمادمیں لینے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ ان کے مسائل کے حل کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائیگا ، ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ڈپٹی کمشنر کی یقین دہانی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اپنی احتجاجی ہڑتال کو موخر کرنے کا اعلان کیا، ڈی سی نے یقین دہانی کرائی کہ ان کے مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام سے مشاورت کی جائیگی تاکہ مسائل کا باہمی مشاورت کے ذریعے قابل عمل حل تلاش کیا جاسکے ۔

متعلقہ عنوان :