ٹرک کے سامنے کود کر کرتب دکھانے والے سعودی نوجوان کو عبرت کا نشان بنا دیا گیا

سعودی پولیس نے سڑک پر ٹرک کے سامنے کُودنے والے شخص کو گرفتارکرلیا ، مذکورہ شخص کو کرتب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد گرفتار کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 13:43

ٹرک کے سامنے کود کر کرتب دکھانے والے سعودی نوجوان کو عبرت کا نشان بنا ..
ریاض (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : سعودی پولیس نے کرتب کرنے کی آڑ میں ٹرک کے سامنے کُود جانے والے سعودی شخص کو گرفتار کر لیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق جنرل ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے بتایا کہ مذکورہ شخص کو سڑک پر دوسرے شہریوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالنے کے جُرم میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم نے یہ خطرناک کرتب گزشتہ ہفتے کیا جس کی ویڈیو علاقائی سوشل میڈیا سائٹس پر وائرل ہو گئی۔

اس ویڈیو میں ملزم کو مدینہ منورہ کی ایک شاہراہ پر گاڑی کے پیچھے کھڑے ہو کر رقص کرتے اور پھر ٹرک کے سامنے آ کر کرتب کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ مذکورہ شخص نے سڑک پر آتے ہوئے ٹرک کے سامنے کُود کر ٹرک ڈرائیور کو اپنی لین تبدیل کرنے پر مجبور کیا۔

 ٹریفک پولیس نے ملزم کی شناخت کے لیے تحقیقات کا آغاز کیا جس کے بعد ملزم کو پبلک پراسیکیوشن کے سامنے پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ریاستی حکام نے اس خطرناک کرتب کرنے والے ملزم کے خلاف سخت ایکشن لے لیا ہے جس نے کرتب کے ذریعے نہ صرف اپنی بلکہ اپنے ارد گرد موجود دیگر لوگوں کی زندگیاں بھی خطرے میں ڈالیں، 2016ء میں سعودی کابینہ نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جُرمانے میں اضافہ کیا تھا ۔ اس ترمیم کے تحت پہلی مرتبہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 20 ہزار ریال جُرمانہ ادا کرنا ہوگا جبکہ 15 دن کے لیے گاڑی لے لی جائے گی۔

دوسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے پر ملزم کو 40 ہزار ریال جُرمانہ ادا کرنا ہو گا، جبکہ گاڑی کو ایک ماہ کے لیے لے لیا جائے گا۔ مزید برآں تیسری مرتبہ خلاف ورزی کرنے والے ملزم کو 60 ہزار ریال جُرمانہ ادا کرنا ہو گا جبکہ گاڑی کو ضبط کر لیا جائے گا۔ کرائے کی گاڑی استعمال کرنے پر ملزم کو مزید جُرمانہ ادا کرنا ہو گا۔عمان میں ٹریفک قوانین کے آرٹیکل 42 کے تحت سڑک پر کرتب دکھانے والوں کو 500 ریال جُرمانہ اور تین ماہ قید کی سزا سنائی جاتی ہے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر حکام ایک لاکھ درہم تک جُرمانہ عائد کر سکتے ہیں۔