نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان

چھوٹے سے بچے نے آڑے ہاتھوں لے لیا، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 13:23

نواز شریف کا ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کا حال ہی میں ممبئی حملوں سےمتعلق دیا گیا متنازعہ بیان پارٹی کے گلے کو طوق بن گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر نواز شریف کے بیان کے حوالے سے کافی تبصرے ہوئے لیکن حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک کم سن بچے کی ویڈیو وائرل ہوئی جس نے ممبئی حملوں سے متعلق متنازعہ بیان دینے اور پاک آرمی کے خلاف حکمت عملی اپنانے پر نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

کم سن بچے کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ نواز شریف پاک آرمی کے خلاف ہے ، اس پاک آرمی کے خلاف ہے جس نے ہمیں تحفظ دیا ہے وہ پاک آرمی جس کی وجہ سے ہم بے خوف و خطر گھومتے پھرتے ہیں، جس کی وجہ سے آج ہم آزاد ہیں، بچے نے نواز شریف پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا کہ نواز شریف چور اور ڈاکو ہے ، اس نے ہمارے ملک کو لُوٹا ہے اور ملک کو لُوٹنے والے کی کیا مجال کہ وہ ہماری آرمی کے بارے میں ایسی بات کرے۔

(جاری ہے)

اس شخص کو غداری کے کیس میں پھانسی دے دینی چاہئیے۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر بے حد وائرل ہوئی۔ سوشل میڈیا صارفین نے جہاں اس بچے کی ہمت کی داد دی وہیں میڈیا نمائندوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ایک طرف یہ بچہ کھُلے عام نواز شریف کو اس کے کام گنوا کر پھانسی دینے کا مطالبہ کر رہا جبکہ دوسری جانب ہمارے میڈیا نمائندگان خاموش ہیں اور اس طرح کھُلے عام آرمی مخالف ، عدلیہ مخالف اور اداروں کے خلاف دئے گئے بیانات پر بات نہیں کر سکتے۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ ن میں نواز شریف کے نئے بیانیے کے بعد سے ہی کئی اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔ حال ہی میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں موجود شرکا نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں مداخلت کریں اور نواز شریف سے کہیں کہ وہ اپنے بیانات میں سختی سے کام نہ لیں ۔ اراکین نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر ایسا ہی ہوتا رہا تو آئندہ الیکشن میں انتخابی مہم بھی مشکل ہو جائے گی اور کامیابی بھی ۔ جس پر پارٹی کے صدر اور وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اراکین کو یقین دہانی کروائی تھی کہ وہ اس معاملے پر پارٹی قائد نواز شریف سے بات کریں گے۔