ترقی کے حصول کیلئے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ،ْ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی

پیر 21 مئی 2018 13:52

ترقی کے حصول کیلئے نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے ،ْ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2018ء) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں نصاب پر نظرثانی وقت کی اہم ضرورت ہے اور ترقی کے حصول کیلئے ہمیں نصاب کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہوگا۔درسی کتب اور نصاب کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ صوبوں کے ساتھ مل کر تعلیم کا نظام بنا رہے ہیں کیونکہ کوئی ملک تعلیم کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا، آپ کسی ملک کو بھی دیکھ لیں اس نے تعلیم کو عام کرکے ہی ترقی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی تعلیم کو عام کرنے کی بہت کوششیں کی گئی ہیں تاہم اس میں ابھی بہت کام کرنا باقی ہے، تاہم تعلیم کے شعبے کی قیادت وفاق کو ہی کرنا ہوگی۔وزیراعظم نے کہا کہ ایک ملک میں صرف 4 فیصد بچوں کا حکومتی نصاب پڑھ کر جامعات میں جانا حکومت کے لیے ایک بہت بڑا چیلنج ہے، جسے بہتر کرنے کیلئے اساتذہ کی تربیت اور نصابی اصلاحات کی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد تعلیم صوبوں کی ذمہ داری ہے لیکن اس کے باوجود تعلیم کے فروغ کے لیے ہمہ وقت تعاون کرنے کے لیے تیار ہیں۔وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم کا حصول لازم ہے اور تعلیم کو معیاری بنانے کے لیے حکومت کا کردار اہم ہے۔انہوںنے کہاکہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے کے لیے پر عزم ہے اور ہمارا ہدف ہے کہ 100 فیصد بچوں کا اسکول میں داخلہ ہو، اس سلسلے میں صوبے بھی اپنا کردار ادا کریں۔