سارک ممالک کے مابین بہتر تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے قیام سے خطے میں ترقی اور غربت میں کمی کی راہ ہموار ہوگی

سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک کی وفد سے گفتگو

پیر 21 مئی 2018 12:57

سارک ممالک کے مابین بہتر تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے قیام سے خطے میں ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2018ء) سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ سارک ممالک کے مابین بہتر تعاون اور مشترکہ منصوبوں کے قیام سے خطے میں ترقی اور غربت میں کمی کی راہ ہموار ہوگی۔ پیر کو یہاں سارک چیمبر کے پانچ رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ سارک ممالک کے مابین تجارتی اور صنعتی تعاون اس سطح تک لایا جائے جہاں یہ ایک مربوط کمیونٹی کے طور پر اپنی شناخت بنا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ صنعت کے فروغ کیلئے سارک ممالک کے متنوع شعبوں اور وسائل سے حقیقی فوائد کے حصول کے لئے ایک ٹھوس، قابل عمل اور ترقی پسندانہ روڈ میپ تیار کیا جائے۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی حکومت پاکستان حکومت سارک کمیونٹی کی مدد اور تجارت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی کے لئے جنوبی ایشیا میں دستیاب بہترین کاروباری مواقع سے فائدہ اٹھانے کا یہ مناسب ترین وقت ہے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ سارک ممبر ممالک اپنے تمام سیاسی اور تجارتی معاملات حل کر سکیں گے اور آئندہ 10 سالوں میں ایشیائی ممالک ایک دوسرے کے ساتھ مسابقتی یا متوازی مارکیٹ کے طور پر سامنے آئیں گے جو یورپ کی طرح سنگل مارکیٹ نہیں بلکہ ایک مسابقتی مارکیٹ ہوگی۔

افتخار ملک نے سارک کے قدرتی اور معدنی وسائل کا بھرپور استعمال کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خطے کے ممالک کے مابین نافٹا، یورپی یونین، آسیان اور کومیسا کی طرز پر تعاون کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے خطے کے لوگ اب بھی پر امید ہیں اور علاقے میں سب سے اہم ملک ہونے کے ناطے پاکستان کا کردار کلیدی ہے کیونکہ ہر مشکل وقت میں پاکستان نے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریوں کو پورا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و امان کے قیام اور اقتصادی ترقی کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے علاقائی تعاون اور رابطوں کے فروغ کے حوالے سے اپنے عزم پر ثابت قدم ہے اور سارک ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات رکھنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ افتخار علی ملک نے کہا کہ وہ سارک ممالک کے ساتھ اچھے تعلقات کو فروغ دینے اور برصغیر کے اندر معاشی انضمام، ٹیرف اور نان ٹیرف رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے بھرپورکوششیں جاری رکھیں گے۔