Live Updates

تحریک انصاف کے 100 روزہ ایجنڈے کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی تیاری

تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ق) کے درمیان مشترکہ انتخابی حکمت عملی بنانے پر اتفاق

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 21 مئی 2018 12:23

تحریک انصاف کے 100 روزہ ایجنڈے کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کی تیاری
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی۔2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے 100 روزہ ایجنڈے کا جواب دینے کیلئے پاکستان مسلم لیگ (ن)نے تیاری کرلی ہے۔مسلم لیگ (ن)کے راہنماءاحسن اقبال‘اویس لغاری‘ہارون اخترخان اور ملک احمد خان آج پنجاب ہاﺅس میں پارٹی منشور اور 100روزہ ایجنڈے کے لیے پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے حکومت بنانے کی صورت میں 100دن کا پلان پیش کیا تھا ،جس میں کہا گیا تھا کہ پہلے فاٹا کو اس کا حق دلائیں گے، فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کریں گے۔جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے کے منصوبے کوعملی جامہ پہنانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا،کراچی کو بھی ٹھیک کرنے کا پلان 100دن کے منصوبے میں شامل کیا گیا۔

(جاری ہے)

پنجاب کے 2صوبے بنانے اور بلوچستان کے ناراض لوگوں کو منانے کا ٹاسک بھی اس پلان میں شامل کیا گیا۔

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے ایجنڈا پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ معیشت کی بحالی، تعلیم، صحت، زرعی ایمرجنسی ہمارے پلان کا حصہ ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جو وفاق کی سوچ رکھتی ہے، ہم اصلاحات لائیں گے، فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کریں گے، بلوچستان میں ناراض لوگوں کو مناکر قومی دھارے میں لائیں گے، جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنائیں گے۔

ٹیکس اصلاحات، حقوق نسواں، بلدیاتی نظام کی بہتری، سمندر پار پاکستانیوں کے لیے اقدامات بھی پلان میں شامل ہیں۔ بلوچستان پاکستان کامستقبل ہے، بھٹکے ہوئے لوگوں کو قومی دھارے میں لائیں گے، بھارت، این ڈی ایس کے بھٹکائے افراد کو پہاڑوں سے نیچے لائیں گے۔تحریک انصاف کی حکومت ایف سی آر قانون فی الفور ختم کرے گی، فاٹا کے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے، ہم عدالت کا دائرہ کار ترمیم کے ذریعے فاٹا تک پہلے ہی بڑھا چکے ہیں۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف اور مسلم لیگ( ق) کے درمیان مشترکہ انتخابی حکمت عملی بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (ق )میں اعلیٰ سطحی رابطے ہوئے ہیں اوردونوں جماعتوں کے درمیان مشترکہ انتخابی حکمت عملی بنانے پر اتفاق۔ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ دونوں جماعتیں مسلم لیگ (ن )کو ٹف ٹائم دینے کی مشترکہ حکمت عملی طے کریں گے جبکہ تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق پنجاب میں ایک دوسرے سے انتخابی تعاون کریں گے۔ انتخابی تعاون پر آمادگی میں دونوں جماعتوں کی اعلیٰ قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات