شہزادے ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مارکلے سے شادی

رائل شادی کی سوشل میڈیا پر دھوم ، پی آئی اے نے نو بیاہتا جوڑے کو پیشکش کردی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 21 مئی 2018 12:19

شہزادے ہیری کی امریکی اداکارہ میگھن مارکلے سے شادی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 21 مئی 2018ء) : دو روز قبل ہونے والی رائل شادی کے آج بھی سوشل میڈیا پر چرچے ہیں، کچھ صارفین سوشل میڈیا پر اس رائل شادی کے انتظامات اور تقریب میں آئے مہمانوں پر بات کر رہے ہیں تو کچھ شہزادے ہیری اور میگھن مارکلے کی زندگی پر تبصرے کرنے میں مصروف ہیں، سوشل میڈیا پر اس شاہی شادی کی دھوم دیکھ کر پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے ) نے نوبیاہتا جوڑے کو پیشکش کر دی۔

پی آئی اے نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شہزادی ڈیانا کی ایک تصویر پوسٹ کی ، یہ تصویر شہزادی ڈیانا کے پاکستان کے شمالی علاقہ جات کے دورے پر لی گئی تھی۔ پاکستان کی قومی ائیر لائن پی آئی اے نے اپنے پیغام میں تصویر کے ساتھ لکھا کہ ہم نے شہزادے ہیری اور میگھن مارکلےکی شاہی شادی دیکھی، اور ہمیں شہزادی ڈیانا کا پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ یاد آگیا۔

(جاری ہے)

ہم نے سوچا کہ کتنا اچھا ہو کہ اگر نو بیاہتا شاہی جوڑا بھی پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرے۔ اپنے پیغام میں پی آئی اے نے شہزادہ ہیری اور میگھن مارکلے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم تیار ہیں، اب بس آپ کو وقت بتانا ہے۔
پی آئی اے کے اس ٹویٹ اور شاہی جوڑے کو کی جانے والی اس پیشکش پر کئی ٹویٹر صارفین نے پی آئی اے کو سراہا
لیکن کئی صارفین نے پی آئی اے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہی جوڑے کو مشورہ دیا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کا دورہ کرنے کے لیے آئیں ضرور لیکن پی آئی اے کی بجائے کسی اور ائیر لائن کا انتخاب کریں۔

ایک صارف نے کہا کہ جب شہزادی ڈیانا نے پاکستان کےشمالی علاقہ جات کا دورہ کیا اس وقت پی آئی اے کا شمار بہترین ائیرلائنز میں ہوتا تھا لیکن اب پی آئی اے کی حالت بد تر ہو چکی ہے۔ لوگوں کو وہی پی آئی اے واپس چاہئیے، اور پی آئی اے کو مشورہ دیا کہ وہ ایمریٹس ائیرلائن سے کچھ سیکھیں۔
ایک صارف نے کہا کہ پی آئی اے کو یہ پیشکش کرتے ہوئے شرم آنی چاہئیے۔

  جس پر ایک خاتون صارف نے کہا کہ بھلا کیوں؟ پی آئی اے کی جانب سے یہ کافی اچھا تاثر ہے۔
یاد رہے کہ شہزادہ ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مارکلے دو روز قبل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، اس شاہی شادی میں ملکہ برطانیہ سمیت کئی شاہی افراد اور ہالی وڈ کے کئی معروف چہروں نے شرکت کی۔